Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن کمیشن کا صدر اورگورنرخیبرپختونخوا سے مشاورت دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن میں جاری اجلاس ختم
شائع 01 مارچ 2023 03:33pm

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی اور گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مشاورت دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا، جس میں ممبران الیکشن کمیشن و سیکرٹری الیکشن کمیشن نے شرکت کی۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کے لاء ونگ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی، جب کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مشاورت دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق ایک مرتبہ پھر خطوط کا سلسلہ شروع کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن نے مزید مشاورت کے لئے کل دوبارہ اجلاس طلب کر لیا، اجلاس کل صبح 10 بجے الیکشن کمیشن میں طلب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب آج نیوز سے بات کرتے ہوئے گورنر خیبرپختون خوا غلام علی کا کہنا تھا کہ انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عملدرآمد کیا جائے گا۔

گورنر غلام علی کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے مطابق عمل کروں گا، الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ دوں گا۔

گورنر نے مزید کہا کہ خیبر پختون خوا میں امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، نگراں حکومت سے مشاورت کے بعد صوبہ میں امن وامان کے حوالے سے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا تھا،غ الیکشن کمیشن کے سامنے بھی امن وامان کی صورتحال رکھیں گے۔

ECP

President Arif Alvi

governor kpk