Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

امجد شعیب کیخلاف مقدمے کے اخراج کیلئے دائر درخواست پر اعتراض دور کرنے کی ہدایت

امجد شعیب کو 2 روز قبل ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا
شائع 01 مارچ 2023 01:39pm
لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب
لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب

اسلام آباد ہائیکورٹ نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کے خلاف درج مقدمے کے اخراج کے لئے دائر درخواست پر اعتراض دور کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے امجد شعیب کے خلاف درج مقدمے کے اخراج کے لئے دائر درخواست کی سماعت کی۔

مزید پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

امجد شعیب کی جانب سے وکلاء احمد حسن شاہ، قیصر امام اور قاسم ودود عدالت پیش ہوئے۔

عدالت نے امجد شعیب کی درخواست پر اعتراض دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک کے لئے ملتوی کر دی۔

امجد شعیب کی گرفتاری

یاد رہے کہ 27 فروری کو رات گئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو تھانہ رمنا اور تھانہ لوہی بھیر پولیس نے مشترکہ آپریشن میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔

اسلام آباد پولیس نے امجد شعیب کو گرفتار کرکے پہلے تھانہ رمنا میں منتقل کیا اور پھر تھانہ رمنا سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔

جس کے بعد پولیس نے امجد شعیب پر عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے کا مقدمہ تھانہ رمنا میں درج کیا تھا جبکہ مقدمہ مجسٹریٹ اسلام آباد اویس خان کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں عوام کو اکسانے کی 153 اے اور 505 کی دفعات شامل کی گئیں تھیں۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا تھا کہ ٹی وی کے پروگرام میں امجد شعیب نے عوام کو بغاوت پر اکسایا، بیان میں سرکاری ملازمین اور اپوزیشن کو سرکاری قانونی فرائض سے روکنے پر اکسایا گیا۔

درج مقدمے کے مطابق ان کے بیان سے ملک میں بے چینی، بے امنی اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، حکومت اور حزبِ اختلاف میں دشمنی، اشتعال انگیزی اور نفرت پھیلانے کی کوشش بھی کی گئی۔

درج مقدمے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ امجد شعیب کی جانب سے حکومت، اپوزیشن اور سرکاری ملازمین میں نفرت پیدا کر کے ملک کو کمزور کرنے کی سازش بھی کی گئی ہے۔

Islamabad High Court

islamabad police

lieutenant general retired

amjad shoaib