Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
10 Rajab 1446  

وفاقی کابینہ کا حجم 23 فیصد تک بڑھانے کیخلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب

قانون سے ہٹ کر معاونین، مشیر مقرر کرکے خزانے پر بوجھ ڈالا گیا، اظہر صدیق ایڈووکیٹ
شائع 24 فروری 2023 02:05pm
تصویر/فائل
تصویر/فائل

لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی کابینہ کا حجم 11 فیصد کی بجائے 23 فیصد تک بڑھانے کے خلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب کرلئے ہیں۔

جسٹس علی باقر نجفی نے کیس پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزار شہری منیر احمد کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ قانون کے تحت کُل ایوان کے 11 فیصد ارکان پر مشتمل کابینہ تشکیل دی جاسکتی ہے جبکہ 38 وزیر، چار مشیر اور 44 اسپیشل معاون خصوصی تعینات کیے گئے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر وزراء کی تعداد موجود ہے، تو مشیروں کی تعداد کی کوئی تو حد ہوگی، پارلیمانی طرز حکومت میں نمائندگی عوامی نمائندے ہی کرسکتے ہیں۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ معاونین خصوصی کابینہ کا حصہ نہیں ہوتے، انہیں خصوصی دعوت پر کابینہ اجلاس میں بلایا جاتا ہے۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ قانون سے ہٹ کر معاونین اور مشیر مقرر کرکے خزانے پر بوجھ ڈالا گیا ہے۔ معاون خصوصی عطاء تارڑ کو غیر قانونی طور پر وزیر کا درجہ دیکر مراعات سے نوازا جا رہا ہے۔

مزید کہا کہ عدالت کابینہ کے غیر قانونی طور پر بڑھائے گئے حجم کو غیر قانونی قرار دے۔

عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی۔

lahore

Lahore High Court