Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسرائیلی فوج کا نابلس پر دھاوا، 11 فلسطینی شہید 100 سے زائد زخمی

حملے میں جہاد اسلامی کے دو کمانڈرز بھی شہید ہوئے ہیں۔
شائع 23 فروری 2023 06:23pm
تصویر بزریعہ روئٹرز
تصویر بزریعہ روئٹرز

اسرائیلی فوج نے ایک مرتبہ پھر روایتی بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے پر واقع شہر نابلس پر حملہ کر کے کم از کم 11 فلسطینی شہید اور 102 کو زخمی کردیا۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج نے نابلس میں جاری اپنی چھاپہ مار کارروائیوں کی تصدیق کی ہے، لیکن اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، البتہ مؤقف اپنایا ہے کہ وہ آپریشن میں مصروف ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق فلسطینی تنظیم جہاداسلامی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ نابلس میں اسرائیلی فوج نے اس کے دوکمانڈروں کوایک گھر میں گھیرلیا تھا جس کے بعد جھڑپ شروع ہوئی جو بعد میں بڑھ گئی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج نے جب ایک گھر کو گھیرا اور اس پر میزائل برسائے جس سے عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور نتیجتاً وہاں موجود دونوں کمانڈرز بھی جاں بحق ہو گئے۔

عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق جس وقت جھڑپیں ہوئیں اس وقت زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں جب کہ فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور موجود پھل بھی مارے۔

فلسطینی حکام کے حوالے سے العریبیہ ڈاٹ نیٹ کا کہنا ہے کہ حملے میں جہاد اسلامی کے دونوں کمانڈرز شہید ہوئے ہیں جب کہ باقی دیگر عام شہری ہیں جن میں سے ایک 72 سالہ بزرگ اور 14 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔ شہدا کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری آپریشن کے نتیجے میں اب تک 102 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق زیر علاج زخمیوں میں سے سات کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

Israel

Palestine

Nablus