Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

عارف علوی صدر پاکستان بنیں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں، رانا ثناء اللہ

عارف علوی الیکشن کمیشن کے آئینی اختیار میں مداخلت کر رہے ہیں، وزیر داخلہ
شائع 18 فروری 2023 11:47pm
عارف علوی فارن فنڈنگ کیس میں شریک مجرم ہیں۔ فوٹو — فائل
عارف علوی فارن فنڈنگ کیس میں شریک مجرم ہیں۔ فوٹو — فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے عارف علوی صدر مملکت بنیں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں۔

ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عارف علوی صدر کے منصب کی عزت کا پاس رکھیں، پہلے بھی عمران خان نے صدر، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور گورنر سے آئینی شکنی کرائی، سپریم کورٹ نے اس عمل کو آئین شکنی قرار دیا تھا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صدر کے آئینی منصب کو پارٹی ترجمان کے عہدے میں بدلنا افسوسناک ہے، صدر مملکت کا الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے کوئی سروکار نہیں، عارف علوی الیکشن کمیشن کے آئینی اختیار میں مداخلت کر رہے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عارف علوی فارن فنڈنگ کیس میں شریک مجرم ہیں، عمران خان صدر کے منصب کے ذریعے الیکشن کمیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دے دی تھی۔

عارف علوی نے اپنے خط میں لکھا کہ چیف الیکشن کمشنر کو 20 فروری کو ایوان صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت الیکشنز کے حوالے سے مشاورت کی دعوت دی جاتی ہے، صدر انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان مشاورت کے بعد کریں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے صدرمملکت کو جوابی خط لکھ کر عارف علوی کے خط میں لکھے الفاظ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ECP

imran khan

Rana Sanaullah

Arif Alvi

Elections