Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عطا تارڑ کا عمران خان کیلئے سپریم کورٹ سے میڈیکل بورڈ بنانے کا مطالبہ

یہ کونسی ٹانگ ہے جو 4 ماہ سے ٹھیک نہیں ہورہی، رہنما (ن) لیگ
اپ ڈیٹ 16 فروری 2023 02:33pm
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے لئے سپریم کورٹ سے میڈیکل بورڈ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جھوٹی میڈیکل رپورٹ بنوائی، یہ کونسی ٹانگ ہے جو چار ماہ سے ٹھیک نہیں ہورہی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ میڈیکل بورڈ بنائے، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، توشہ خانہ اور بیٹی کیس سے بچنے کے لئے صحت کا بہانہ بنایا جارہا ہے، عمران خان سے بڑا پیسے کا کوئی غلام نہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں عدالت چل کر زمان پارک آئے، چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر بیٹھے ریلیف لینے کی عادت پڑگئی۔

عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ جیل بھروتحریک کا کہنے والےعدالتوں سے منتیں کررہے ہیں، جیل بھرو تحریک کے اعلان کے بعد منتیں نہیں کرنا چاہئیں، ترلا منت تحریک شروع کردی گئی ہے، جیل بھرو تحریک کا اعلان منافقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کو سمجھ نہیں آرہا میڈیکل رپورٹس کس سے لکھوائیں، یہ ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر میٹنگ کرتے ہیں، عدالت نوٹس لے، آپ صحت مند ہیں، عدالتوں کا نام سنتے ہی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں، عمران خان احسان کرنے والے کی پیٹھ میں چھرا گھونپتے ہیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ عمران خان کیسز میں پیش نہیں ہورہے، ضمانت کے لئے پیشی لازمی ہوتی ہے، میڈیکل رپورٹس جمع کرانے پر یہ لوگ مذاق بناتے تھے، آج ان کی جانب سےمیڈیکل رپورٹس دی جارہی ہیں، عمران خان کی کوشش تھی کیس ہی نہ چلے، ان کی کون سی ٹانگ ہے جو ٹھیک نہیں ہورہی؟۔

PMLN

Supreme Court

اسلام آباد

imran khan

Ataullah Tarar