عمران کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں، جلاؤ گھیراؤ جیل بھر دو ان کا ایجنڈا ہے، مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں، جلاؤ گھیراؤ جیل بھر دو ان کا ایجنڈا ہے، پاکستان کو بیانیے کی نہیں کارکردگی کی ضرورت ہے، عمران خان کا بیانیہ بے بنیاد الزامات ہیں۔
لاہور میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ نے ای کامرس اورآئی ٹی سیکٹر میں اقدامات کیے، سستالون اسکیم بھی ہمارے دور میں شروع ہوئی، عمران خان کے پاس کوئی منصوبہ نہیں تھا،ان کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں۔
نائب صد ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جیل بھر و تحریک کی بات کی، کیا کبھی طلبا کو کوئی اسکیم دی؟ عمران خان نے بیانیے کے لئے سوشل میڈیا کی مدد لی، ہمیں بھی سوشل میڈیا پر ردعمل دینا پڑتا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان کا بیانیہ بے بنیاد الزامات ہے، ہم تو سچ بولتے ہیں، وہ ایک کروڑ نوکریوں کا بیانیہ دے کر فرار ہوگئے، پاکستان کو بیانیے نہیں کارکردگی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے یونیورسٹیز اور کالجز میں لیپ ٹاپس دیے، آسان قسطوں پر قرضے دیے، ہمارے دور میں لوگوں نے چھوٹے کاروبار کیے اور قرضے واپس بھی کیے۔
نائب صد ن لیگ کے کہا کہ عمران خان لوگوں کے بچوں کو کہتے ہیں جیلیں بھرو، عمران خان جیبیں بھریں اور لوگوں کے بچے جیل جائیں، لوگوں کے بچے کیوں جیلیں بھریں؟ لانگ مارچ کے مقاصد کیا تھے؟ عمران خان کا قومی مفاد نہیں تھا، آج کارکردگی کی جگہ منفی سیاست نے لے لی، سوشل میڈیا پر لوگوں کی عزتیں اچھالتے ہیں، آج قوم کو ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کو تقسیم کر دیا اور لوگوں کو نوکریوں کا جھانسہ دیا، عمران خان نے لوگوں کو ذہنی مریض بنانے کی کوشش شروع کردی، مجھے علم تھا اور پہلے بھی بتایا تھا کہ سائفر کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کوئی غلام ہیں، امر بالمعروف، غلامی نامنظور، ان نعروں کا کیا ہوا؟ عمران خان اردو میں بتائیں کہ آپ نے لوگوں کو دھوکا دیا، عمران خان نے خارجہ تعلقات کو خطرے میں ڈال دیا۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان جو خط لہراتے تھے وہ بیانیہ کدھر گیا؟ چیئرمین پی ٹی آئی نے امریکا کو باعزت بری کردیا، عمران خان نے جھوٹے بیانے کے لئے لوگوں کو غدار کہا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان آج کہتے ہیں امریکا نے نہیں باجوہ نے سازش کی، عمران خان نے باجوہ کو کہا تھا ایکسٹینشن تاحیات دینے کو تیار ہوں، عمران خان باجوہ سے چھپ چھپ کر ملتے رہے، اسٹیبلشمنٹ نے ہاتھ کھینچ لیا توعدلیہ کے گھوڑے پر بیٹھ کر آنا چاہتے ہیں، باجوہ سپر کنگ تھے تو عمران خان کیا تھے؟
ن لیگ کی چیف آرگنائز مریم نواز کا کہنا تھا کہ 10 سال سے دیکھ رہی ہوں، سیاستدانوں کے خلاف منظم کمپین چلائی گئی، صرف ایک شخص کو صادق اور امین ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، جنہیں چور ڈاکو کہا گیا ان کے خلاف تو کچھ نہیں نکلا، ہر چیز آئی ایم ایف کو دے دی، پھر جاتے جاتے معاہدہ توڑدیا، ان کے دل کی آواز ہے کہ ملک سری لنکا جیسا ہو، توشہ خانہ اگر ریاست مدینہ میں رجسٹر ہوا ہوتا تو مجرم کی کیا سزا ہوتی؟ یوتھ کو دوبارہ منظم کرنا میرا ایجنڈا ہے۔
Comments are closed on this story.