Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں انتخابات ایک ہی بار ہونے چاہئیں، بار بار الیکشن سے انتشار ہوگا، سعد رفیق

ملک کی معاشی صورتحال مزید انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی
شائع 07 فروری 2023 01:13pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں، بار بار انتخابات سے ملک انتشار کا شکار ہوگا۔

احتساب عدالت لاہور میں پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سابق وزیر صحت سلمان رفیق نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر اپنی حاضری مکمل کروائی۔

دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ شریک ملزمان کا سپلیمنٹری چالان جمع کرانے کی مہلت دی جائے۔

عدالت نے تفتیشی کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔

احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر ضمنی چالان نہ آیا تو بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کردوں گا۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر کردار ادا کرنے کے ساتھ پوری قوم کو متحد رہنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں پی ٹی آئی کو شریک ہونا، تحریک انصاف کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔

صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں، بار بار انتخابات سے ملک انتشار کا شکار ہوگا، انتخابات الگ الگ ہوئے تو مزید بحران پیدا ہوں گے، آئین کی پاسداری مقدم ہے لیکن پہلے بھی انتخابات ملتوی ہوتے رہے ہیں۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ہم انتخابات لڑتے رہے ہیں، اب بھی لڑیں گے، ہم کبھی انتخابات سے نہیں بھاگے، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، الیکشن کھیل نہیں، ایک وقت پر ہونے چاہئیں۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ایسے حالات نہیں تھے کہ 2 صوبائی اسمبلیاں توڑ دی جائیں، وزرائے اعلیٰ کو دباؤ میں لا کر اسمبلیاں تڑوائی گئیں، ملک کی معاشی صورتحال مزید انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

PMLN

lahore

Elections

Khawaja Saad Rafique

paragone housing scandle