Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مکی آرتھر کی متوقع تقرری ”پاکستان کرکٹ پر طمانچہ“ ہے، مصباح الحق

پی سی بی غیرملکی کوچز کا شوقین ہے، سابق کپتان
شائع 02 فروری 2023 03:52pm
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ مصباح الحق نے مکی آرتھر کی متوقع تقرری کو پاکستان کرکٹ پر طمانچہ قرار دے دیا۔

غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر کی قومی ٹیم میں بطور ٹیم ڈائریکٹر یعنی کوچ کے طور پر دوبارہ خدمات حاصل کرنا ”پاکستان کرکٹ پر ایک طمانچہ“ ہے کہ ہم ایک ہائی پروفائل فل ٹائم کوچ تلاش کرنے کے قابل نہیں۔

مصباح الحق نے سابق کرکٹرز پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے نظام کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور پی سی بی کو کوچنگ کے کرداروں کے لئے ملکی سرزمین سے باہر دیکھنے پر مجبور کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ بہترین لوگ آپ کے لئے آنا نہیں چاہتے، پی سی بی ایسے شخص کولانا چاہتا ہے جو پاکستان کرکٹ کو دوسرے آپشن کے طور پر دیکھ رہا ہو۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ غیرملکی کوچز کا شوقین ہے، اُس نے کبھی مقامی کوچز کو سپورٹ نہیں کیا، پی سی بی میں بیوروکریسی کا احتساب نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ مکی آرتھر کے ساتھ پاکستان کی بات چیت اس سے قبل تین مواقع پر ناکام ہوچکی تھی لیکن بورڈ معاہدے پر ڈٹا رہا، آرتھر اس سے قبل 2016 سے 2019 تک ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ آرتھر انگلش کرکٹ کلب ڈربی شائر کے ساتھ طویل معاہدہ کرچکے ہیں جس کی وجہ سے وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہمراہ نہیں ہوں گے البتہ آن لائن کوچنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔

PCB

lahore

Pakistan Cricket Team

Misbah ul Haq

Mickey Arthur