پشاور خودکش دھماکا: ’اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں‘
وزیراعظم شہباز شریف ، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سربسجود مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے، اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد دفاع کا فرض نبھانے والوں کونشانہ بنا کرخوف پیدا کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کوعبرت کا نشان بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں، خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر جامع حکمت عملی اپنائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاق صوبوں کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون کرے گا، وفاقی وزیرداخلہ کو ہدایت کی ہے کہ صوبوں بالخصوص خیبرپختونخوا کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کریں۔
پشاور کی مسجد میں دورانِ نمازدہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور دھماکےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں دورانِ نمازدہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، میری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ دہشت گردی کےبڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لئے لازم ہے کہ ہم اپنی انٹیلی جنس میں بہتری لائیں اور اپنی پولیس کو مناسب انداز میں ضروری ساز و سامان سے لیس کریں۔
خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کاسرگرم ہونا انتہائی خطرناک ہے، آصف زرداری
سابق صدرآصف زرداری نے پشاورمیں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کا سرگرم ہونا انتہائی خطرناک ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان پرعمل کرتے ہوئے دہشت گردی کی نرسریوں کوتباہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی اورعام انتخابات سے قبل دہشت گردی کی وارداتیں باعث تشویش ہیں، وفاقی اورصوبائی نگران حکومت دہشت گردوں کو قانون کی گرفت میں لائیں۔
وزیرداخلہ کی پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ راناثناء اللہ نے پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کردی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ نمازیوں پر دہشت گرد حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، نمازیوں پر دہشت گرد حملہ ایک سفاکانہ اور بذدلانہ فعل ہے،مسجد واقعے کی تمام پہلوؤں سےتحقیقات کی جارہی ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ وفاقی ادارے خیبر پختونخوا حکومت کی مکمل معاونت کررہے ہیں۔
نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عمل کیا جائے گا، بلاول بھٹو
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی اورعام انتخابات سے قبل دہشت گردی کے واقعات معنی خیز ہے،دہشت گردوں، سرپرستوں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ہی دہشت گردوں کا علاج ہے اس پر سختی سے عمل کیا جائے گا، پیپلزپارٹی کے کارکن اور عہدے دار خون کے عطیات دے کر زخمیوں کی جان بچائیں۔
مقدس مقام اورعبادت کے دوران حملہ سفاکیت کی انتہاء ہے، فضل الرحمان
جے یو آئی(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور مسجد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مقام اورعبادت کے دوران حملہ سفاکیت کی انتہاء ہے، قوم باہمی اتحاد واتفاق سے ایسے سازشی عناصرکا مقابلہ کرے ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حملے میں شہید ہونے والوں کے لئے مغفرت اور زخمیوں کی صحتیابی کےلئے اللہ سے دعا گو ہوں ، دعا کرتے ہیں کہ اللہ کریم لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے ۔
دہشت گرد اپنےمذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے،چیئرمین سینیٹ
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پشاور میں پولیس لائنز دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گرد اپنےمذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ، دہشت گردی کے خلاف حکومت، سیکورٹی اداروں اورعوام کا عزم غیرمتزلز ل ہے، دہشت گردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد پاکستان میں ترقی کے عمل کوسبوتاژکرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے۔
Comments are closed on this story.