عمران خان کا الیکشن کمیشن کیخلاف ملک گیر مظاہروں کا اعلان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے محسن نقوی کی بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تقرری پر الیکشن کے خلاف منگل سے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کردیا۔
لاہور میں ویڈیو کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ محسن نقوی رجیم چینج کا اہم کردار ہے، انہوں نے ہماری حکومت گرانے میں سب سےزیادہ کوشش کی، آصف زرداری نے کہا محسن نقوی میرا بیٹا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہے آصف زرداری کرپٹ ترین آدمی ہے، ان کا نام مسٹر ٹین پرسن رکھا گیا، این آر او ٹو دیکر آصف زرداری کو نیب سے بچایا گیا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ محسن نقوی پی ٹی آئی دشمن ہے، ان کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے مجھے کاٹا ڈالا ہے، سیاستدانوں کے اوپر کاٹا لگانے کی ملک کو بھاری قیمت دینی پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو لایا جائے گا وہ دھاندلی کریں گے، کوشش ہوگی کسی بھی طرح عمران خان کو ہرایا جائے، لوگ الیکشن میں تاخیر کریں گے اور جب بھی الیکشن ہوگا سارے امپائرز ان کے اپنے ہوں گے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کل سے ملک بھر میں احتجاج شروع کررہے ہیں، ہمیں محسن نقوی قبول نہیں، اس کے خلاف اور الیکشن کی تاریخ کے لئے عدالت جائیں گے، کل لاہور اور پرسوں راولپنڈی میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کریں گے، ملک تباہی سے بچانے کے لئے پوری قوم کو پر امن احتجاج کرنا ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حسن نقوی کی تعیناتی نے الیکشن کمیشن کے جانبدار ہونے کا ثبوت ہے، میں نے بد دیانت الیکشن کمیشن نہیں دیکھا، یہ ہر فیصلہ پی ٹی آئی کے خلاف دیتا ہے، پاکستان میں جمہوریت کا معیار گر چکا ہے، البتہ ہم نے جو نام نگراں وزیراعلیٰ کے لئے دیئے وہ ایماندار لوگ تھے۔
اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کی بنیاد اخلاقیات پر رکھی جاتی ہے، ترقی یافتہ ممالک میں حکمران چھوٹی غلطی پربھی استعفیٰ دے دیتے ہیں، بورس جونسن نے کورونا کے دوران پارٹی کرنے پر استعفیٰ دیا تھا۔
Comments are closed on this story.