پنجاب اسمبلی کارروائی غیر قانونی، معاملے کو عدالت میں لیکر جائیں گے: رانا ثناء اللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثںاء اللہ نے پنجاب اسمبلی کی حالیہ کارروائی کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دے دیا۔
اسمبلی سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ایوان میں جھوٹ بولا، انہوں نے کہا آج اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ نہیں ہوگی، پنجاب اسمبلی کی کارروائی رولز اور آئین کےخلاف ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وکلا کا کہنا تھا کہ گورنر کے حکم غیر آئینی ہے، پنجاب اسمبلی میں دھوکے سے کارروائی چلائی جا رہی ہے، یہ غیر آئینی و غیر قانونی ہے کیونکہ انہوں قانونی تقاضے پورے نہیں کیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ رات 12 بجے ان کے نمبرز پورے نہیں تھے، ملک احمد کو پوائنٹ آف آرڈر پر بات نہیں کرنے دی گئی جس کے بعد جعلی گنتی کا عمل شروع کیا گیا، اپوزیشن کے پولنگ ایجنٹس کو معائنہ کرنے دینا چاہئے تھا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اب اعتماد اظہار کا جو نمبر بھی دکھائیں گے وہ جعلی ہوگا، ناراض ارکان کو بھی زبردستی ایوان میں بلا کر پرویز الٰہی نے حلف لیا کہ میں اسمبلی نہیں توڑوں گا، اب اگر اسمبلی نہ توڑی تو عمران خان کا بیانیہ کہاں جائے گا۔
واضح رہے کہ پرویزالہیٰ پراعتماد کی قرارداد کے حق میں 186 ووٹ آئے جب کہ اپوزیشن ارکان نے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا، اب اسپیکر نتائج کی کاپی گورنر بلیغ الرحمان اور عدالت کو بھیجیں گے۔
Comments are closed on this story.