Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہمارے نمبرز پورے، حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے، وزیر داخلہ

اعتماد کے ووٹ کا اجلاس موجودہ اسپیکر کی صدارت میں قبول نہیں کریں گے، رانا ثناء اللہ
شائع 09 جنوری 2023 08:35pm
وزیر داخلہ رانا ثںاء اللہ۔ فوٹو — فائل
وزیر داخلہ رانا ثںاء اللہ۔ فوٹو — فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے ہیں، لہٰذا ہمارے نئے وزیراعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز ہی ہوں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس اب اکثریت نہیں، یہ اعتماد کے ووٹ کے خلاف عدالت گئی ہوئی ہے، اگر اکثریت ہوتی تو یہ اجلاس بلاتے اور ووٹ لے لیتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان 11 تاریخ سے قبل اعتماد کا ووٹ لینے پر بضد ہیں جب کہ پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینے سےگریزاں ہیں، ان کے پاس نمبرز پورے نہیں، لہٰذا پرویز الٰہی سے مطالبہ ہے کہ وہ وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہوجائیں اور ایوان کو نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا موقع دیا جائے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ثابت کردیا آج ہمارے نمبر پورے تھے، ہو سکتا ہے کل تک ہماری تعداد 180 ہو جائے، البتہ حمزہ شہباز ہی ہمارے وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کا اجلاس موجودہ اسپیکر کی صدارت میں قبول نہیں کریں گے، چاہتے ہیں اجلاس کسی غیر جانبدار شخص کی زیر صدارت ہو اور ووٹنگ کے روز عدالت مبصر مقرر کرے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین سیاسی مخالفین کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، یہ ملک کو انتشار کا شکار کرنا چاہتے ہیں، ملک عدم استحکام کا شکار رہے گا تو معاشی طور پر مستحکم نہیں ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد پر چڑھائی ملک دشمن ایجنڈا تھا، لوگ نہیں آئے تو انہوں نے شرمندہ ہونے کے بجائے اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کردیا، جب کہ پی ٹی آئی استعفوں کی طرف جاتی ہے تو نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوں گے۔

imran khan

Rana Sanaullah

lahore

punjab assembly

Chaudhry Pervaiz Elahi

Vote of Confidence

Hamza Shehbaz