Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک بھر میں سردی کا راج، بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع

آج بھی ملک میں موسم سرد رہے گا، محکمہ موسمیات
اپ ڈیٹ 08 جنوری 2023 11:50am
فوٹو۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔ فائل

ملک بھر میں سردی کا راج برقرارہے، دیربالا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ،لواری ٹنل، سیدگی جھیل اور کمراٹ میں ہر سو سفیدی چھاگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک میں موسم سرد رہے گا تاہم شمالی بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے، گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 13، لیہ میں منفی 11،استور اور گوپس میں منفی 9،ہنزہ میں منفی 8،پاراچنار میں منفی6، کالام اور گلگت میں منفی5، بگروٹ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں بھی سردہواؤں کے ڈیرے ہیں، جس کے باعث موسم ٹھنڈا ٹھار ہوگیا۔

شمالی بلوچستان کے اکثر علاقوں میں بارش کے بعد موسم مزید سرد

کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے اکثر علاقوں میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا ہے ۔

مستونگ ،زیارت ،ہرنائی،ژوب ،قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ ،چمن ،پشین اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔

کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت04ڈگری،قلات میں کم سے کم منفی04،زیارت میں کم سے کم منفی02،ژوب میں کم سے کم منفی01،بارکھان میں 03،تربت میں کم سے کم12،پنجگورمیں 02،گوادر اوراوڑمارہ کم سے کم 10،جیونی میں کم سے کم12 جبکہ پسنی میں 13،دالبندین میں کم سے کم 02 ،خضدار میں کم سے کم سے 07اور لسبیلہ میں 3سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

دوسری جانب کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہے جبکہ گیس کی فراہمی بھی معطل ہے ۔

دھند کے باعث حدنگاہ کم ہونے سے مسافروں کو مشکلات، موٹرویز بند

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب میں دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم ہو کر رہ گئی ہے، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، موٹروے کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔

موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم 2انٹرچینج سے پنڈی بھٹیاں، موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ، موٹروے ایم 4 ملتان سے فیصل آباد اور موٹروے ایم 5 موسیٰ والا سے آمد ورفت کے لئے بند ہے۔

موٹروے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

پنجاب میں دھند کے باعث کئی پروازیں منسوخ، ٹرینوں کا شیڈول متاثر

پنجاب بھر میں شدید دھند نے پروازوں کا شیڈول تہس نہس کردیا، ریلوے نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

ترجمان ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بیرون ملک جانے والی بعض پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ بیرون ممالک سے لاہور آنے والی بیشتر پروزوں کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

شدید دھند کے باعث ریلوے نظام بھی بری طرح متاثر ہوگیا ہے، کراچی سے لاہور آنے والی تمام ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں، جس کی وجہ مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

lahore

punjab

fog

Met Office

Rain

snowfall