میلبورن کرکٹ کلب نے پاکستان بھارت کو میزبانی کی پیشکش کردی
پاک بھارت کرکٹ میچز کے فین دنیا بھر میں موجود ہیں، میلبرن کرکٹ کلب اور وکٹوریہ گورنمنٹ نے پاک بھارت ٹیسٹ کی میزبانی کے لئے کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کیا ہے۔
میلبرن کرکٹ کلب ایم سی جی کے تمام انتظامات سنبھالتی ہے اور ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹو اسٹیورٹ فوکس نے یہ انکشاف ریڈیو کمنٹری کے دوران کیا۔
اسٹیورٹ فوکس نے آسٹریلیا اور ساؤتھ افریقہ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کمنٹری کے دوران کرکٹ آسٹریلیا سے رابطوں کا بتایا۔
ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹو اسٹیورٹ فوکس نے ریڈیو کمنٹری کے دوران کہا کہ ایم سی سی اور وکٹوریہ گورنمنٹ نے اکتوبر میں پاک بھارت ٹی 20 ورلڈکپ میچ کے کامیاب انعقاد کے بعد کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کیا، ہمیں پاکستان اور بھارت کے میچ کی میزبانی کر کے اچھا لگے گا، پاکستان اور بھارت کا میچ ایم سی جی میں ورلڈ کپ میں 90 ہزار سے زائد تماشائیوں نے دیکھا اور اگر ٹیسٹ میچز ہوتے ہیں تو وہ بھی شاندار ہوں گے، اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے بات کی ہے، یہ معاملہ بہت پیچیدہ ہے لیکن ہم نے اور وکٹوریہ حکومت نے کرکٹ آسٹریلیا سے بات کی ہے، مصروف ترین شیڈول سب سے بڑا چیلنج ہو گا۔
اسٹیورٹ فوکس نے امید ظاہر کی کہ کرکٹ آسٹریلیا اس حوالے سے آئی سی سی سے بات کرے گا اور کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہاؤس فل میں کھیل کے جشن کے لئے شاندار ماحول ہو گا، نیوٹرل وینیو پر ٹیسٹ سیریز یا ٹیسٹ کھیلنا پاکستان اور بھارت کے بورڈز کے ہاتھ میں ہے۔
ترجمان کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ اگر دونوں بورڈز کے درمیان کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو کرکٹ آسٹریلیا کو میزبانی میں دلچسپی ہو گی۔
ترجمان کے مطابق رضامندی دونوں بورڈز نے ظاہرکرنا ہے دونوں ٹیموں کے اسپورٹرز کی ایک بڑی تعداد آسٹریلیا میں موجود ہے ۔
آئندہ برس ایم سی جی میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہو گا، آئندہ برس پاکستان کا دورہ آسٹریلیا فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے۔
اسٹیورٹ فوکس نے کہا کہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی کمیونٹی سے رابطہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ 2007 میں ہوا تھا، پاکستان اور بھارت نے 2013 کے بعد باہمی سیریز نہیں کھیلی۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ کپ اورایشیا کپ میں مد مقابل آتی ہیں۔
Comments are closed on this story.