’شریف زرداری گینگ پنجاب میں جمہوریت پر شب خون مارنے کیلئے سرگرم ہے‘
مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ شریف زرداری گینگ معاشی دہشت گردوں کا گروہ ہے ، انہوں نے اپنی اربوں کی چوری معاف کروا کر دوسروں کے لئے بھی کرپشن کا راستہ کھول دیا ہے۔
عمر سرفرازچیمہ نے مزیدکہا کہ شریف زرداری گینگ نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اداروں کی ساکھ کو تباہ کیا ہے، شریف زرداری گینگ ایک بار پھر پنجاب میں جمہوریت پر شب خون مارنے کے لئے سرگرم ہے، یہ گینگ با اثر طاقتور ڈاکوؤں کا یک نکاتی اتحاد ہے۔
ن لیگ والے اقتدار کے دوران کرپشن کیسز سے دھل کر باہر نکل آتے ہیں،مسرت چیمہ
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہر دن کا آغاز معاشی میدان میں ایک بری خبر سے ہوتا ہے، ٹیکسٹائل انڈسٹری سے لاکھوں خاندان وابستہ ہیں اور یہ صنعت تباہی کےدہانے پر ہے، اس وقت جن گھروں میں بھوک کا راج وہ لوگ ان سازشیوں کو جھولی بھر کے بد دعائیں دے رہے ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ اگر حکومت ملک کی کوئی خدمت کرنا چاہتی ہے تو فوری الیکشن کا اعلان کرے،فوری اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہی ملک کو بہتری کی جانب لے جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ والے ہر بار اپنے اقتدار کے دوران کرپشن کیسز سے دھل کر باہر نکل آتے ہیں، افسوس اقتدار کی جنگ میں امپورٹڈ حکومت اندھی ہو چکی ہے، دنیا آگے کی طرف بڑھ رہی ہے اور ہم پیچھے سے پیچھے کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، آج ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ کس کس نے پاکستان کو کتنا نقصان پہنچایا ہے۔
ایک اور ٹویٹ میں مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ جس خدشے کا اظہار ہم مسلسل کر رہے تھے اب وہ حقیقت کا روپ دھار چکا ہے، ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر اتنے کم ہو چکے ہیں کہ اب سرجری کے ساز و سامان بھی امپورٹ نہیں کیے جا سکتے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اس نااہل ٹولے سے مذاکرات نہیں کر رہا، پاکستان ایک دلدل میں پھنس چکا ہے جس کے ذمہ دار تمام سازشی ہیں۔
شریف اور زرداری خاندانوں کی کرپشن نے ملک کو دنیا میں رسوا کیا، اسلم اقبال
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ شریف اور زرداری خاندانوں کی کرپشن نے ملک کو دنیا میں رسوا کیا۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے اراکین اسمبلی اور مختلف وفود نے ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان نے قومی خزانے سے اپنی تجوریاں بھریں اور ملک کو کنگال کیا،عالمی مالیاتی ادارے وفاق میں بیٹھے کرپٹ ٹولے پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں،یہ مالیاتی ادارے پی ڈی ایم کی کرپشن کی کہانیاں جانتے ہیں ۔
میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت غریب کو ریلیف دینے کے لئے کوئی ترمیم نہ کرسکی، اپنی کرپشن چھپانے کے لئے نیب قوانین بدل دیئے گئے، 8ماہ قبل جمہوری حکومت کو غیر ملکی ایجنڈے کے تحت گھر بھیج دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ کی پہلی اپوزیشن ہے جو الیکشن نہیں چاہتی،رات کے اندھیرے میں جمہوریت پر شب خون مارنے والے عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہیں۔
Comments are closed on this story.