Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’حکومت نے بھارت جانے سے منع کیا تو نہیں جائیں گے‘

آٹھ دس دن میں طے ہوگا کہ کوچنگ اسٹاف میں کون ہوگا، نجم سیٹھی
شائع 26 دسمبر 2022 03:59pm
تصویر: ٹوئٹر/پی سی بی
تصویر: ٹوئٹر/پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ حکومت نے بھارت جانے سے منع کیا تو نہیں جائیں گے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ مکی آرتھرسے رائے مانگی ہے کہ کون سے کوچز ہونے چاہئیں، آٹھ دس دن میں طے ہوگا کہ کوچنگ اسٹاف میں کون ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر کے ساتھ مل کر ٹیم بنائی تھی، ان کے دور میں ٹیم ٹاپ پر آئی تھی، آرتھر کے دور میں ٹیم میں بہت ڈسپلن تھا اور پلیئرز محنت کررہے تھے، بابر اعظم کو سب سے پہلے مکی آرتھر نے ہی سپورٹ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیمزکےنام تبدیل کرنے کے حق میں نہیں ہوں، آٹھ دس کروڑ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا گیا ہے، لیکن دنیا میں کہیں کہیں اسپانسرز کے نام پر اسٹیڈیم ہیں۔

بابراعظم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کا اسٹار ہے اور ہمارے دلوں میں رہتا ہے۔ بابر کے بغیر ٹیم کا مزہ نہیں ہوگا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ مینجمنٹ کمیٹی کے پاس معاملات چلانے کے مکمل اختیارات ہیں، اصل ہدف 2014 کے آئین کو بحال کرنا ہے، جب ڈپارٹمنٹس اور منتخب باڈی تیار ہو جائے گی تو مینجمنٹ کمیٹی ختم ہو جائے گی۔

بھارت جا کر کھیلنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ کا فیصلہ حکومتی سطح پر ہی ہوتا ہے، بھارت جانے کے معاملے پر حکومت نے کہا کہ نہ جاؤ تو نہیں جائیں گے، ایشیاء کپ کے معاملہ پر اے سی سی میں دیکھیں گے کہ صورتِ حال کیا ہے، ہم نے ایسا فیصلہ کرنا ہے کہ خود بھی تنہا نہ رہیں۔

india

پاکستان

PCB

Najam Sethi

Mickey Arthur