Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

الخدمت فاؤنڈیشن کا مُلک بھر میں کرسمس تقریبات کا انعقاد، مستحق خاندانوں میں تحائف تقسیم

ایسی تقریبات دنیا کے لئے ایک پیغام ہیں۔
شائع 25 دسمبر 2022 08:24pm

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں کرسمس تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے، اسی طرح لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت 1500 نادار اور مستحق مسیحی خاندانوں میں کرسمس تحائف تقسیم کردیے گئے۔

تقریب کا مقصد نادار مسیحی خاندانوں کی خوشیوں میں شریک ہونا، انہیں تحفظ کا احساس دلانا اور معاشرے میں بین المذاہب یکجہتی اور مثبت روایات کو فروغ دینا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ خوشیاں منانا ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی مسیحی متاثرہ خاندانوں میں کرسمس تحائف کی تقسیم کر رہی ہے، معاشرے میں قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ مذہبی منافرت کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جائے اور رواداری ومذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

تقریب میں شامل سکینہ بی بی نے بتایا کہ کہ الخدمت ہر سال کرسمس کے موقع پر ہمارے لیے تقریب کا انعقاد کرتا ہے جس میں کبھی کپڑے، کبھی بستر اور لحاف اور کبھی راشن دیا جاتا ہے۔

الخدمت اقلیتی امور ٹاؤن شپ کے ذمہ دار پاسچر وقاص نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن گزشتہ 20 سال سے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری میں تحائف تقسیم کا اہتمام کرتی ہے۔ تحائف کی تقسیم کے عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے الخدمت کے رضاکار علاقے کا سروے کرتے ہیں اور مستحق افراد کو کوپن جاری کرتے ہیں۔

الخدمت کیمونٹی سروسز کے نیشنل ڈائریکٹر عامر محمود چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ایسی تقریبات دنیا کے لئے ایک پیغام ہیں کہ ایک روادار معاشرے میں لوگ ایک دوسرے کی خوشی غمی کے ساتھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں میں الخدمت کے کام کو مزید موثر بنانے اور اقلیتوں کے ساتھ مل کر اُن کے مسائل کو حل کرنے کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت باقاعدہ ”الخدمت اقلیتی ونگ“ بھی موجود ہے۔

پاکستان

lahore

AlKhidmat Foundation