Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم کے صاحبزادے کو عدالت سے ریلیف مل گیا

عدالت نے سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت منظور کرلی
شائع 23 دسمبر 2022 11:41am
سلیمان شہباز فوٹو۔۔۔ فائل
سلیمان شہباز فوٹو۔۔۔ فائل

لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔

احتساب عدالت لاہور کے جج قمرالزمان نے سلیمان شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی، سلیمان شہباز اپنے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

فاضل جج نے وکیل کو ہدایت کی کہ سلیمان شہباز کا شناختی کارڈ عدالت میں پیش کیا جائے، جس پر سلیمان شہباز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس قومی شناختی کارڈ ابھی موجود نہیں ہے، میں معذرت خواہ ہوں، آئند شناختی کارڈ لیکر آؤں گا۔

فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ شناختی کارڈ کی آج ضرورت تھی یہ تو ہر وقت ساتھ ہونا چاہیے، قومی شناختی کارڈ ہی ہماری اصل شناخت ہے۔

عبوری ضمانت کی درخواست میں سلیمان شہباز کے وکیل نے موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے سلیمان شہباز کی غیر موجودگی میں منی لانڈرنگ ریفرنس میں بلاجواز نامزد کیا، نیب نے حقائق چھپا کر احتساب عدالت سے اشتہاری قرار دلوایا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ منی لانڈرنگ ریفرنس کے فیصلے تک سلیمان شہباز کو ضمانت دی جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک عبوری ضمانت بھی دی جائے۔

عدالت نے سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت 7 جنوری تک منظور کرتے ہوئے ان کو نیب میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے 5 لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت منظور کی اور نیب کو سلیمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا ۔

PMLN

accountability court

NAB

lahore

Bail

PM Shehbaz Sharif

salman shehbaz