Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کا معاملہ: کام نہیں کرسکتے تو استعفا دے دو، عدالت

جواب جمع نہ کرانے پر توہین عدالت کی کارروائی ہوگی، عدالت
اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2022 01:31pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ میں جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کی درخواستوں کی سماعت ہوئی، جس میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے جواب جمع کرانے کیلئے ایک بار پھر مہلت مانگ لی۔

مہلت مانگنے پر عدالت نے ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات کو روسٹرم پر بلا کر سرزنش کی۔

جسٹس کے کے آغا نے ایڈیشنل سیکرٹری سے مکالمے میں کہا کہ کام نہیں کرسکتے تو استعفا دے دو۔

عدالت نے ریمارکس دئے کہ بس بہت ہوگیا، بار بار مہلت مانگی جارہی ہے۔

عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بھی طلب کرلیا، ساتھ ہی ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور اٹارنی جنرل بھی 12 جنوری کو طلب کر لئے گئے۔

عدالت نے کہا کہ جواب جمع نہ کرانے پر توہین عدالت کی کارروائی ہوگی، بار بار مہلت مانگنے کی وجہ معاملات کو طول دینا لگتا ہے، سوچ کر آنا نتائج بھگتنا ہوں گے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ کب شروع ہورہا ہے جس پرجماعت اسلامی کے وکیل نے بتایا پندرہ جنوری سے شروع ہوں گے۔

عدالت نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہ کرنے پر توہین عدالت درخواست کیوں دائر نہیں کررہے؟

وکیل نے کہا توہین عدالت کی کارروائی کیلئے درخواست تیار کررہے ہیں۔ عدالت نے بلدیاتی اختیارات سے متعلق درخواستوں کو یکجا کر رکھا ہے۔

وکیل ایم کیو ایم نے کہا جب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوتے ترقیاتی منصوبوں پر کام روکا جائے۔

sindh

Jamat e Islami

MQM Pakistan

local government