Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملتان ٹیسٹ: پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنالیے

انگلش ٹیم کی تمام 10 وکٹیں اسپنر کے نام رہی
اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2022 05:11pm
تصویر/ پی سی بی
تصویر/ پی سی بی

ملتان ٹیسٹ میں پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنالیے۔

امام الحق صفر اور عبداللہ شفیق چودہ رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان بابراعظم نے 61 اور سعود شکیل 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل، ملتان ٹیسٹ میں پاکستانی اسپنرز کی شاندار بولنگ کی بدولت پہلی اننگز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 281 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان اور انگلینڈکے درمیان 16 سال بعد ملتان میں ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا ہے، جس کا ٹاس انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی بولرز کے آگے انگلینڈ بیٹرز دوسرے سیشن سے قبل ہی ڈھیر ہوگئے، دوسرا سیشن ختم ہونے سے قبل ہی انگلینڈ کھلاڑی 51 اوورز اور 4 گیندیں کھیل کر 281 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

ملتان ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان اسپینرز کا راج رہا، انگلش ٹیم کی تمام 10 وکٹیں اسپنر کے نام رہی، ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 7 اور زاہد محمود نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

محمد زاہد ٹیسٹ کرکٹ میں 7 وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی بولر بن گئے، اس سے قبل 1996 میں راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں محمد زاہد نے نیوزی لینڈ کے خلاف 66 رنز دے کر 7 وکٹیں لی تھیں۔

میچ کے پہلے روز انگلش ٹیم کی جانب سے زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے اننگز کا آغاز لیکن دونوں کی پارٹنر شپ 9 اوورز بھی مکمل نہ کرسکی۔

38 کے اسکور پر ابرار احمد نے اپنے پہلے اوور میں ہی زیک کرولی کو 19 رنز کے ساتھ بولڈ کردیا۔

ابرار احمد نے 19 ویں اوور میں بین ڈکٹ کی وکٹ لیتے ہوئے انگلینڈ کی اہم شراکت توڑ ڈالی، جس کے بعد اسپن بولر نے ہی بین ڈکٹ کو 63 ، جوروٹ کو 8 رنز ، اولی پوپ کو 60 جبکہ ہیری بروک کو صرف 9 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

ابرار کی 7 وکٹوں کے بعد انگلش ٹیم کی تینوں وکٹس زاہد محمود کے حصے میں آئی، زاہد محمود نے اولی رابنسن کو صرف 5 رنز جبکہ جیک لیچ کو پہلی ہی گیند پر پویلین بھیج دیا، اس کے بعد انگلش کھلاڑی جیمز اینڈریسن 7 رنز پر بھی زاہد محمود کی گیند پر ہی بولڈ ہوگئے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ فہیم اشرف اور ابرار احمد کی واپسی ہوئی ہے اور اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے۔

انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ کے لئے پاکستان ٹیم میں 3 اور انگلینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں اظہر علی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کو کو ڈراپ کرکے محمد نواز ، فہیم اشرف اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کے بعد نسیم شاہ کندھے کی انجری کاشکار ہوگئے، فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں لیگ اسپنر ابرار احمد ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔

دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم میں لیام لیونگسٹن کو آؤٹ کرکے مارک ووڈ کو پلیئنگ الیون میں شامل کرلیا گیا ہے ۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پاکستان ٹیم میں عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، بابر اعظم، محمد رضوان، آغا سلمان، سعود شکیل، محمد نواز، فہیم اشرف، زاہد محمود، محمد علی اور ابرار احمد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا جس کا نتیجہ پانچویں دن انگلینڈ کی جیت کی صورت میں سامنے آیا تھا، جس میں انگلشن ٹیم نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دی تھی، سیریز میں انگلش ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

PCB

test series

Multan

TOSS

Pakistan vs England