ڈی سی نوشہرو فیروز کو انٹرپول کے ذریعے واپس لائیں گے، مرتضیٰ وہاب
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ قانون سے خود کو بالاتر سمجھنے والوں کو گرفتار کرکے بتایا خورد برد برداشت نہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی مٹیاری اور ڈی سی نوشہرو فیروز کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی سطح پر مزید تبدیلیاں آنے والے دنوں میں کریں گے۔
مرتضی وہاب نے مٹیاری اسکینڈل میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اینٹی کرپشن نے ڈی سی مٹیاری سے 42 کروڑ روپے کی ریکوری کرلی ہے، ڈی سی نوشہرو فیروز کو انٹرپول کے ذریعے واپس لائیں گے۔
مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایک بڑا ایشو 13 نومبر کو سامنے آیا جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے کمیٹی بنائی، کمیٹی نے بے ضابطگیوں کی تصدیق کی تو جے آئی ٹی تشکیل دی۔
انہوں نے کہا کہ 17 نومبر کو مٹیاری میں مقدمہ درج کر کے ڈی سی مٹیاری کو عہدے سے ہٹایا اور انہیں دیگر ملوث ملزمان سمیت حراست میں لے لیا گیا۔
مرتضی وہاب نے بتایا کہ نوشہرو فیروز ضلع میں بھی اس طرح کی خورد برد نظر آئی، اینٹی کرپشن نے نوشہرو فیروز میں بھی مقدمہ درج کرلیا، ڈی سی نوشہرو فیروز کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، ڈی سی کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے انہیں انٹرپورل کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ جو لوگ اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت ان چیزوں کو برداشت نہیں کرے گی اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments are closed on this story.