Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم، ٹی ٹی پی کا ملک گیر حملوں کا اعلان

انتہا پسند جنگجوؤں کو ملک بھر میں حملے کرنے کا حکم جاری۔
شائع 28 نومبر 2022 08:26pm
تصویر بزریعہ اے ایف پی
تصویر بزریعہ اے ایف پی

کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حکومت پاکستان کے ساتھ جون میں طے پانے والی سیز فائر (جنگ بندی) کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے۔

ٹی ٹی پی کی جانب سے انتہا پسند جنگجوؤں کو ملک بھر میں حملے کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

ٹی ٹی پی ایک الگ تنظیم سے جو افغانستان میں موجود طالبان الگ ہے، لیکن دونوں کے نظریات ایک جیسے ہیں۔

مذکورہ کالعدم تنظیم 2007 میں ابھرنے کے بعد سے پاکستان بھر میں درجنوں پرتشدد حملوں اور سینکڑوں ہلاکتوں کی ذمہ دار رہی ہے۔

ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری بیان کے متن میں کہا گیا کہ، “تحریک طالبان پاکستان کی وزارت دفاع تحریک کے تمام گروپ لیڈرز (دلگی مشران) مسئولین تحصیل و والیان کو بعد از سلام یہ امر صادر کرتی ہے کہ چونکہ حال ہی میں ولایت بنوں کے ضلع لکی مروت سمیت مختلف علاقوں میں عسکری اداروں کی طرف سے مجاہدین کے خلاف مسلسل آپریشنز ہو رہے ہیں اور اقدامی حملوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، تو آپ کیلئے یہ امر ہے کہ ملک بھر میں جہاں بھی آپ کی رسائی ہوسکتی ہے حملے کریں ـ “

ٹی ٹی پی نے مزید لکھا کہ، ”ہم عوام پاکستان کی خدمت میں عرض کرتے ہیں کہ ہم نے بارہا آپ کو خبردار کیا اور مسلسل صبر سے کام لیا تاکہ مذاکراتی عمل کم از کم ہماری طرف سے سبوتاژ نہ ہو، مگر فوج و خفیہ ادارے باز نہ آئے اور حملے جاری رکھے، لہذا اب ملک بھر میں ہمارے انتقامی حملے بھی شروع ہوں گے۔“

ٹی ٹی پی نے طویل عرصے تک پاکستان کی ناہموار قبائلی پٹی کے وسیع حصّوں پر اپنا قبضہ جما رکھا تھا، اور اسلامی قانون کا ایک بنیاد پرست ورژن نافذ کیا تھا۔

اس کے جنگجوؤں کو 2010 کے بعد بڑے پیمانے پر ہمسایہ ملک افغانستان بھاگنے پر مجبور کیا گیا، لیکن کابل میں افغان طالبان کی اقتدار میں واپسی سے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

ٹی ٹی پی نے جون میں حکومت پاکستان کے ساتھ جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا، لیکن دونوں فریقین نے بار بار دعویٰ کیا ہے کہ جنگ بندی کو نظر انداز کیا گیا اور متعدد جھڑپیں ہوئیں۔

پاکستان

TTP

Cease Fire