Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان آرمی چیف تعیناتی کو متنازع بنانا چاہتے ہیں، شاہد خاقان

یقین ہے 2023 کے انتخابات میں ن لیگ کو کامیابی ملے گی، سابق وزیراعظم
شائع 22 نومبر 2022 05:21pm
سابق وزیراعظم اور رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی۔ فوٹو — اسکرین گریب
سابق وزیراعظم اور رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی۔ فوٹو — اسکرین گریب

سابق وزیراعظم اور رہنما مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا حق صرف وزیراعظم کا ہے۔

جہلم میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حالات کی ذمہ دار دھاندلی سے آنے والی سابق حکومت ہے، ن لیگ آج بھی پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے اور یقین ہے 2023 کے انتخابات میں ن لیگ کو کامیابی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے، آج ہمیں اپنے ملک کے حالات دیکھنا ہوں گے، اسی لئے ن لیگ نے حالات ٹھیک کرنے کی ٹھان لی ہے۔

لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات چوری کیے گئے، گزشتہ 4 سال کے دوران جھوٹ بول کر ملک کو تباہ کیا گیا لیکن ملکی معیشت کی بحالی کے لئے ہم نے مشکل فیصلے کیے۔

آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سابق وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف کو تعینات کرنے کا حق وزیراعظم کے پاس ہے، مگر عمران خان اس تعناتی کو متنازع بنانا چاہتے ہیں، یہ بلیک میلنگ اور انتشار کی سیاست کر رہے ہیں۔

PMLN

Shahid Khaqan Abbasi

Elections