Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکی مڈٹرم الیکشن، ری پبلکنز کو کانگریس میں واضح اکثریت کی امید

مختلف ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا
اپ ڈیٹ 09 نومبر 2022 03:27pm
تصویر روئٹرز
تصویر روئٹرز

امریکا میں جاری مڈٹرم الیکشن کی ووٹنگ کے بعد گنتی کا عمل جاری ہے لیکن سامنے آنے والے ابتدائی نتائج حیران کن ہیں۔

مڈٹرم الیکشن کے ابتدائی نتائج کے مطابق ری پبلکنز کو ایوان نمائندگان میں 197 جبکہ ڈیموکریٹس کو 173نشستوں پر برتری ہے۔

ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید کا آج نیوز سے گفتگو میں کہنا ہے کہ امریکی الیکشن کے نتائج پر ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ لگتا ہے کہ ہاؤس میں ریپبلکن کی تعداد بڑھ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں تواتر سے ہورہا ہے کہ جب بھی وائٹ ہاؤس میں جو پارٹی براجمان ہوتی ہے وسط مدتی انتخابات میں انہیں ہار کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ری پبلکن رہنما طلعت رشید نے آج نیوز سے گفتگو میں کا کہنا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی پالیسیز پہلے بھی ناکام ہوچکی ہیں، وہ کوئی کام ٹھیک طرح سے نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا شاید اسی لئے عوام ان کو اب پسند نہیں کررہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ کانگریس میں تو اکثریت ہوگی تاہم سینیٹ میں تھوڑا مشکل ہوجائے گا۔

ری پبلکنز کی جیت پاکستان پر بھاری

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ساجد تارڑ کہتے ہیں کہ ابھی امریکی وسط مدتی انتخابات کے مکمل نتائج نہیں آئے، جو نتائج آئے ہیں ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ بڑی مشکلات میں گھرچکی ہے۔

آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ری پبلکن نے اکثریت حاصل کرلی تو ماحولیاتی تباہی کے حوالے سے امداد روکی جاسکتی ہے جس سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

الیکشن میں 36 گورنرز کا بھی انتخاب کیا جارہا ہے، ری پبلکن کو امید ہے کہ کانگریس میں انہیں واضح اکثریت حاصل ہوگی، سینیٹ میں بھی انہیں اکثریت مل جائے گی تاہم وہاں کڑے مقابلے کی توقع ہے۔

ری پبلکن رہنما اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا ووٹ فلوریڈا میں پام بیچ کے پولنگ اسٹیشن پر کاسٹ کیا۔

ووٹنگ کے بعد نتائج کا سلسلہ جاری ہے لیکن جو ٹرینڈ سامنے آرہا ہے اس کے مطابق امریکی معاشرہ تیزی سے پولارائزیزشن کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق ری پبلکنز ڈیموکریٹس سے ہاؤس چھین سکتے ہیں جبکہ سینیٹ میں بھی ری پبلکنز نے ڈیموکریٹس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔

ڈیموکریٹ پارٹی کی چار ترقی پسند خواتین جنہیں ’سکواڈ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے دوبارہ کامیاب ہوچکی ہیں۔

نیو یارک کی الگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز، مشیگن کی راشدہ طلیب، مینیسوٹا کی الہان عمر اور میساچوسیٹس کی آیانا پریسلی نے کانگریس کے ایوان نمائندگان میں اپنی نشستیں دوبارہ حاصل کرلی ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق جارجیا کے گورنر برائن کیمپ دوبارہ انتخاب جیت جائیں گے، جبکہ ڈیموکریٹ جوش شاپیرو پنسلوانیا میں گورنر کی دوڑ جیت سکتے ہیں۔

ورجینیا میں ریپبلکن سینیٹر جین کِگنز ڈیموکریٹک رکن ایلین لوریا کو شکست دیں گی، لوریا 6 جنوری کو امریکی کیپیٹل میں ہونے والے فسادات کی تحقیقات کرنے والی ہاؤس کمیٹی کی رکن ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پروجیکٹس رزلٹس کے مطابق ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز 198 نشستین جیت سکتے ہیں جبکہ ڈیموکریٹس 176 نشستیں حاصل کرلیں گے۔

Donald Trump

Joe Biden

USA