Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان نے نیوٹرل لفظ کو گالی بنادیا: خواجہ آصف

ارشد شریف کی موت کو بھی سیاسی بنادیا گیا۔
شائع 27 اکتوبر 2022 03:48pm
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف پریس کانفرنس کر رہے ہیں- اسکرین گریب
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف پریس کانفرنس کر رہے ہیں- اسکرین گریب

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے نیوٹرل لفظ کو گالی بنادیا ہے اور افواج کیخلاف کئی ماہ سے ایک مہم چلائی ہوئی ہے، ان کا محور صرف اپنی ذات ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنا آئینی کردار ادا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان فرد واحد کی حکومت قائم کرنا چاہتا ہے، انہوں نے پاکستان کے خارجہ تعلقات خراب کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کا خون ہماری ریڈ لائن ہے، اس کو کراس نہ کیا جائے، عمران خان تمام لائینیں کراس کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سائفر کیلئے منع کیا گیا کہ اس کو استعمال نہ کریں لیکن اس کے باوجود اس نے نیشنل سکیورٹی کے مسئلے کو استعمال کیا، یہ قوم و ملک کی عزت سے کھیل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج پاکستان کی ہے، فوج اس سرزمین کی ہے، فوج کسی فرد واحد کی نہیں ہے، ان کا خون پاک سرزمین کیلئے بہتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ارشد شریف کے معاملے کو بھی پی ٹی آئی نے سیاسی رنگ دے دیا لیکن ان کو کس نے دبئی یا کینیا بھجوایا، اس معاملے کو سیاسی مقاصد کیلئے سوشل میڈیا کے اوپر استعمال کیا جا رہا ہے۔

PMLN

Federal govt

Khuwaja Asif

Federal Minister