Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان نے سہ ملکی ٹی 20 سیریز جیت لی

گرین شرٹس نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا
اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2022 12:00pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پی سی بی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پی سی بی

پاکستان نے نیوزی لینڈ میں سہہ فریقی ٹی 20 سیریز جیت لی ، فائنل معرکے میں گرین شرٹس نے کیویز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے فائنل میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

نیوزی لینڈ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

میچ کے آغاز میں ہی کیوی اوپنر فن ایلن کو نسیم شاہ نے صرف 12 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، پانچویں اوور میں ڈیوڈ کونوے 14 رنز کے ساتھ فاسٹ بولر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

جس کے بعد محمد نواز نے 97 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ گلین فلپس کو پویلین بھیج کر حاصل کی۔

لیگ اسپنر شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے بیٹر کین ولیمسن کے رنز کو 59 تک محدود کیا اور واپس پویلین بھیج دیا۔

اس کے بعد فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 19ویں اوور میں مارک چیپمن کی وکٹ حاصل کی، مارک چیمپن 25 رنز بنا کر آواپس لوٹ گئے۔

جس کے بعد اگلی ہی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان نے جمی نیشم کو 17 رنز پر رن آؤٹ کیا اور میچ کے آخری اوور میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے اننگز کے آخری اوور میں اش سوڈھی کی وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 164 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان کی اننگز

کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ایک اچھا آغاز فراہم کیا لیکن 29 کے اسکور پر قومی کپتان بابر اعظم 15 رنز بناکر کیوی بولر بریس ویل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 11ویں اوورز میں 64 کے اسکور پر گری جب شان مسعود کو بریس ویل نے صرف 19 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

جس کے بعد پاکستان کو تیسرا نقصان 74 کے اسکور پر اٹھانا پڑا، جب محمد رضوان 29 گیندوں پر 34 رنز بناکر سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اس کے بعد حیدرعلی اور محمد نواز جارحانہ بیٹنگ کرکے پاکستان کومیچ میں واپس لائے۔

حیدرنے 15 گیندوں پر 31 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور محمد نوازنے بھی کیوی بولرزکی خوب درگت بنائی

پاکستان کو 130 رنز پر چوتھا نقصان ہوا جب حیدر علی ٹم ساؤتھی کی گیند پر مارک چیمپن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، اس کے بعد 132 رنز پر آصف علی بھی ایک رنز بناکر چلتے بنے۔

اس کے بعد افتخار احمد اور محمد نواز نے ٹیم کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، محمد نواز 38 اور افتخار احمد 25 کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

محمد نواز کو عمدہ آل راؤنڈر پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ نیوزی لینڈ کے اسپنر مائیکل بریس ویل پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔

پاکستان کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

کپتان بابر اعظم نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سہ ملکی سیریز کے فائنل کیلئے قومی کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فاسٹ بولر محمد حسنین کی جگہ حارث رؤف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی اسکواڈ

قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت بابراعظم کررہے ہیں، نائب کپتان شاداب خان بھی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، حیدر علی، محمد نواز، آصف علی، وسیم جونیئر، حارث رؤف اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سہہ فریقی ٹی 20 سیریز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ نے 3،3 میچ جیتے ہیں اور فائنل سے قبل دونوں ٹیمیں 2 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں، پہلے میچ میں گرین شرٹس کو 6وکٹوں کامیابی ملی تو دوسرے میچ میں کیویز نے اپنی ہار کا بدلہ 9وکٹوں سے لیا۔

فائنل کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لےب آسٹریلیا روانہ ہوجائیں گی۔

New Zealand

پاکستان

pak vs nz

t20 tri series

christ church