Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز آسٹریلیا جیسی، سیریز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری میں مددگار ہوگی‘

نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں سخت حریف ثابت ہوتی ہے، کپتان قومی ٹیم
شائع 06 اکتوبر 2022 02:56pm
ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی، بابر اعظم
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی، بابر اعظم فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز آسٹریلیا سے ملتی جلتی ہیں، 3 ملکی سیریز سے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری میں معاونت ملے گی۔

بابر اعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل نیوزی لینڈ میں سہہ ملکی سیریز سے پاکستان کو بہت فائدہ ہو گا، نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے خلاف میچز سے ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں سخت حریف ثابت ہوتی ہے۔

بابراعظم نے مزید کہاکہ نیوزی لینڈ کے پاس تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں، ٹرینٹ بولٹ ، ٹم ساؤدی اور بیٹنگ میں کین ولیمسن ہے، اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہاکہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز آسٹریلیا سے ملتی جلتی ہیں، آسٹریلیا میں بھی بال باؤنس ہوتا ہے اور یہاں بھی ہوتا ہے، اس سیریز سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی اچھی تیار ہو گی۔

بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ہم نے مختلف کمبی نیشن آزمائے، ہمیں اپنی خامیوں اور خوبیوں کا اندازہ ہوا، اس سیریز میں ہماری کوشش ہو گی کہ ان کھلاڑیوں کو آزمائیں جنہیں ورلڈکپ میں کھلانا ہے۔

سہ فریقی ٹی20سیریز:پاکستان ٹیم کی شدید سرد موسم میں بھرپور ٹریننگ

سہ فریقی ٹی20سیریز کے لئے نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ سے قبل شدید سرد موسم میں بھرپورٹریننگ کی۔

نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم نے میدان میں اترنے کی تیاری کرلی، اس سیریز کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم کی تیاریوں کے لیے اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن کی تصاویر شیئر کی گئیں اور ساتھ ایک کیپش بھی درج کیا گیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے ٹوئٹر پر لکھا گیا ہے کہ لڑکے سرد موسم میں پسینے نکالنے کے لئے محنت کر رہے ہیں۔

کھلاڑیوں نے کرائسٹ چرچ کی لنکن یونیورسٹی کے انڈورہال میں بارش کے باعث ان ڈور ٹریننگ کی، قومی کرکٹرز نے 3 گھنٹے پرمشتمل ٹریننگ سیشن میں بیٹنگ، بولنگ اورفیلڈنگ کی مشقیں کیں۔

پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹرائی اینگولر سیریز کل سے شروع ہو رہی ہے، جس کے پہلے میچ میں کل پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی ، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہو گا۔

ٹی 20میں پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ریکارڈ شاندار ہے قومی ٹیم نے 25میں سے 15میچز اپنے نام کر رکھے ہیں جبکہ 10میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

بلیک کیپس کے دیس میں قومی ٹیم کو اکثر مشکلات کا سامنا بھی رہا ہے، یہاں قومی ٹیم 5 میچز میں کامیاب قرار پائی لیکن اس کے برعکس نیوزی لینڈرز نے 7 میچ جیت رکھے ہے۔

اسٹیٹس کے مطابق قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری 2 میچ بھی جیت رکھے ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کرائسٹ چرچ کے میدان کھیلا گیا واحد ٹی 20 میچ بھی گرین شرٹس کے نام رہا۔

اس کے علاوہ بنگلہ دیش کے خلاف بھی پاکستان ٹیم کو عددی برتری حاصل ہے، قومی ٹیم نے 15 میں سے 13 میچز میں جیت رکھے ہیں۔

New Zealand

پاکستان

T20 World Cup

Bangladesh

Baber Azam

tri series

practice session