سارہ قتل کیس: مقتولہ کے والدین پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد میں شوہرکے ہاتھوں قتل ہونے والی صحافی ایازامیرکی بہو سارہ انعام کے والدین کینیڈا سے پاکستان پہنچ گئے۔
پولیس ذرائع کاکہناہے کہ مقتولہ کے والد انجینئرانعام الرحمان اہلیہ کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ سارہ کی میت ان کے والدین کے حوالے کی جائے گی ۔
ایازامیرکی بہوسارہ کو ان کے بیٹےشاہنوازامیرنے 23 ستمبر کی شب لڑائی جھگڑے کے بعد چک شہزاد کے ایک فارم ہاؤس میں سرپرجم میں استعمال ہونے والے ڈمبل کے وار سے قتل کردیا تھا۔
مقتولہ سارہ کی فیملی کینیڈا میں رہائش پزیرہونے کےسبب قتل کا مقدمہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کے ایس ایچ اوسب انسپکٹر نوازش علی خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
کینیڈا کی شہریت رکھنے والی 37 سالہ مقتولہ سارہ 3 روز قبل ہی دبئی سے پاکستان پہنچی تھیں جہاں وہ ملازمت کرتی تھیں۔شاہنوازاور سارہ کی شادی چند ماہ قبل ہی ہوئی تھی جس سے قبل ان کی سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی ہوئی تھی۔
دوسری جانب کیس میں مرکزی ملزم شاہنواز امیرکےعلاوہ ایازامیربھی زیرحراست ہیں جن کا گزشتہ روزدیا جانےوالا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ آج ختم ہورہا ہے۔
تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نے اہلیہ کو قتل کرنے والے ملزم شاہنواز کے والد صحافی ایازامیرکو ہفتہ 24 ستمبرکوگرفتارکیا تھا، قتل کے مقدمے میں نامزد ایازامیرکے خلاف دفعہ 302 کے ساتھ دفعہ 109بھی شامل کی گئی ہے ، کیس میں ان کی سابقہ اہلیہ کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.