Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی اے سی میں عمران خان کے 9 حلقوں سے ضمنی انتخابات لڑنے کا معاملہ اُٹھ گیا

سرکاری ادارے کا نا دہندہ شخص کو نااہل کیا جانا چاہیئے، الیکشن کمیشن مجھ سمیت کسی نادہندہ کو نہ بخشے
شائع 07 ستمبر 2022 05:31pm
خیبر پختونخوا حکومت نے ریفرنس نہیں بھیجا۔ فوٹو — فائل
خیبر پختونخوا حکومت نے ریفرنس نہیں بھیجا۔ فوٹو — فائل

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا معاملہ اُٹھ گیا ہے۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نور عالم نے کہا کہ ایک شخص سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کے 7 کروڑ کا نا دہندہ ہے جو کہ 9 حلقوں سے ضمنی انتخابات میں بھی حصہ لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے کا نا دہندہ شخص کو نااہل کیا جانا چاہیئے، الیکشن کمیشن مجھ سمیت کسی نادہندہ کو نہ بخشے۔

اس ضمن میں برجیس طاہر نے کہا کہ صرف 1500 روپے کے لئے میرے کاغذات نامزدگی روکے گئے، الیکشن کمیشن 7 سال تک کیس سنتا رہا۔

چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ کیا سب کے لئے ایک قانون ہے یا دو قانون ہیں؟ ہاں یا نہ میں جواب دیں کہ کیا الیکشن کمیشن نے اس شخص کو نوٹس بھجوایا ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ ریفرنس اسپیکر اسمبلی کے ذریعے آتے ہیں، ہیلی کاپٹر معاملے میں خیبر پختونخوا حکومت نے ریفرنس نہیں بھیجا، شکایت کی جائے تو ایکشن لیں گے۔

کمیٹی اراکین نے نادہندہ شخص کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے پر سوال اٹھائے تو چیئرمین کمیٹی نے نیب کو ڈیفالٹرز اور نادہندہ کی لسٹ فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

نورعالم نے نیب کو تمام اراکین پارلیمنٹ، میئر، ناظمین اور کونسلرز کی تفصیل فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

pti

NAB

اسلام آباد

imran khan

KPK govt

helicopter

by-election

PAC