Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت مصیبت کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے، وزیراعظم

شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے متاثرہ سگوپل کا دورہ کیا۔
اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2022 01:47pm
پسند یا ناپسند سے بالاتر ہوکر خدمت میں مصروف ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت مصیبت کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے، پسند یا ناپسند سے بالاتر ہوکر خدمت میں مصروف ہیں۔

بدھ کے روز وزیرِاعظم شہباز شریف ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ سگوپل کادورہ کیا۔

وزیراعظم کو سگوپل پر ٹریفک کی بحالی سے متعلق بریفنگ دی گئی، سگوپل ڈیرہ اسماعیل خان سے کچلاک جانے والی قومی شاہراہ پر واقع ہے۔

سگو پل کا جائزہ لینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا متعدد بار دورہ کیا، سندھ میں صورتحال بہت زیادہ خراب ہے، وہاں آج بھی ایسا لگ رہا ہے کہ ہر طرف پانی ہے،بارشوں سے سگوپل دوسری بار متاثر ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں، سیاست سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کررہے ہیں، انتظامیہ اور پاک افواج متاثرین کی امداد کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں اور سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ پیدا ہوگیا، 6 لاکھ خواتین حاملہ ہیں، رب کریم ان کی مدد کرے گا، حکومت ہر طرح کی مدد کیلئے تیار ہے، کسی کو بھی امداد میں بے ایمانی کی اجازت نہیں دیں گے۔

شہباز شریف نے تجاوزات کی بھی مخالفت کردی اور کہا کہ فطرت کے نظام کو چیلنج کیا جائے تو نقصان ہوگا، سوات میں فطرت کے نظام کو چیلنج کیا گیا ،دریا کے پیٹ میں درجنوں ہوٹلز بنائے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کےتحت رقوم تقسیم ہورہی ہیں،اب تک 20 ارب روپے سیلاب متاثرین میں تقسیم ہوچکے ہیں، سیلاب متاثرین کیلئےامدادی رقم 28 ارب سے بڑھا کر 70 ارب کردی ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ فی کس دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ متاثرین میں خیمے تقسیم کیے جائیں گے، ہرممکن کوشش کریں گے کہ امداد متاثرین تک پہنچے، ٹانک میں 100 گھروں کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے،2 ہفتے بعد منصوبے کا افتتاح کروں گا۔

پاکستان

Dera Ismail Khan

floods

PM Shehbaz Sharif

Floods in Pakistan

Madad Karo