Aaj News

ہفتہ, دسمبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Akhirah 1446  

کیا واقعی ایشیا کپ کے فائنل میں پاک بھارت ٹاکراہوگا؟

بھارتی کپتان نے پریس کانفرنس میں اس یقین کا اظہارکیا ہے
شائع 07 ستمبر 2022 11:37am
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

ایشیا کپ کے سُپرفورمرحلے میں گزشتہ رات بھارت کیخلاف جیت سے سری لنکا کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ تو ہموارہوئی لیکن پاکستان اوربھارت کے شائقین کی امیدوں پرپانی پھرگیا۔

ایسے میں بھارتی کپتان نے خاصے کم امکانات کے باجود ایونٹ کا فائنل روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔

سپر 4 مرحلے میں پاکستان کے بعد سری لنکا سے بھی ہارنے والی بھارتی ٹیم کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے، لیکن میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بھارتی کپتان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یقین ظاہرکیا کہ ، “ فکرنہ کرو پاکستان اوربھارت کا فائنل ہوگا“۔

روہت شرما کا کہنا تھا کہ میچ ہارتے ہیں تو گڑبڑ لگتی ہے لیکن شکست کے باوجود ڈریسنگ روم کا ماحول اچھاہے۔

پاکستان کیخلاف میچ میں آصف علی کا کیچ ڈراپ کرنے والے ارشدیپ سنگھ پرتنقید سے متعلق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اس کے بعد تھوڑا اداس رہے، کھلاڑیوں میں قابلیت ہے اور ہم سوشل میڈیا نہیں دیکھتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ٹیم کی جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔

ایشیا کپ کا فائنل کون کھیلے گا؟

بھارت کی شکست نے صورتحال خاصی دلچسپ کردی ہے، پاک بھارت شائقین فائنل انہی 2 ٹیموں کے درمیان دیکھنا چاہتے تھے لیکن اب اس کے امکانات تقریباً ختم ہوچکے ہیں۔

سپرفورمرحلے میں کے میچ میں بھارت کو6 وکٹوں سے شکست دینے والی سری لنکن ٹیم 2 میچزمیں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، پاکستان ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پرہے جبکہ بھارت دونوں میچز ہارچکا ہے۔

اگرمگروالی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو اگرپاکستان افغانستان اورسری لنکا کے خلاف میچزمیں کامیابی حاصل نہ کرے اور دوسری جانب بھارت افغانستان کے خلاف میچ میں اچھے مارجن سے جیت جائے تو پوائنٹس ٹیبل پر گرین شرٹس اور انڈیا دونوں کے 2، 2 پوائنٹس ہوجائیں گے۔

اس صورت میں فائنل کھیلنے والی ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پرہوگا۔

کیا فائنل میں پاک بھارت ٹاکرے کا امکان ہے؟

بھارتی کپتان نے یہ دعویٰ تو کردیا کہ فائنل پاکستان اور بھارت کا ہی ہوگا لیکن لگتا ہے کہ ان سے حساب کتاب میں تھوڑی غلطی ہوگئی کیونکہ ایسا نہیں ہوسکتا۔

اگر2 میچزجیتنےوالی سری لنکن ٹیم پاکستان سے اپنا آخری میچ ہارجائے تواس کے پوائنٹس 4 ہی رہیں گے، ایک میچ جیتنے والی گرین شرٹس بھی افغانستان سے آج کا میچ اور سری لنکا سے آخری گروپ میچ میں شکست کھائے تو ان کے 2 پوائنٹس میں بھی اضافہ نہیں ہوگا۔

اب بات کی جائے بھارتی ٹیم کی توسُپرفورمیں 2 میچزہارنے کے بعد افغانستان کیخلاف تیسرے میچ میں کامیابی انہیں بھی 2 پوائنٹس ہی دلوائے گی۔

پیچھے بچی افغان ٹیم جو پاکستان اور بھارت دونوں کے خلاف کامیابی کی صورت میں سری لنکا کی طرح 4 پوائںٹس پرآجائے گی، ایسا ہوا تو فائنل افغانستان اور سری لنکا کا ہوگا۔

افغانستان ٹیم نے ایک میچ ہارا اور ایک جیتا تو 2 پوائنٹس حاصل کرے گی،یعنی پھر سری لنکا کے علاوہ دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پرہوگا۔

ایسی صورت میں جس ٹیم کا رن ریٹ سب سے اچھا ہوا وہ سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گی تو اس لحاظ سے روہت شرما کا یقین غلظ ثابت ہوتا ہے۔

india

cricket

پاکستان

rohit sharma

Sri Lanka

Asia Cup 2022