Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم کا سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو خصوصی مراعات پیکج دینے کا فیصلہ

تعلیمی اداروں میں سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ
اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2022 02:14pm
تعلیمی اداروں میں سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، شہباز شریف
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
تعلیمی اداروں میں سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، شہباز شریف فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ کے لیے مراعات کا خصوصی پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیرتعلیم رانا تنویرحسین کی زیرصدارت اجلاس ہوا،جس میں چیئرمین ایچ ای سی اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز سمیت وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں پیکج کی تیاری پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں شرکا کوبریفنگ دی گئی کہ تعلیمی پیکج کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو مراعات دی جائیں گی۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں میں سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، متاثرہ علاقوں میں خوراک، خیموں کے علاوہ میڈیکل کیمپس اور عارضی سکول قائم کیے جائیں گے۔

مراعات کے خصوصی پیکج کے تحت وزیراعظم کی جانب سے فیس معافی، انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ کے لیے خصوصی وظائف دیے جائیں گے۔

پیکج کی تیاری، عمل کے طریقہ کار کے لیے وزارت تعلیم اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے کام شروع کردیا۔

وزیراعظم کی ہدایت پرپیکج کی تیاری اورعمل کے طریقہ کارکے لیے وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کام شروع کردیا۔

دوران اجلاس دی گئی بریفنگ کے مطابق تعلیمی پیکج میں یونیورسٹی کی واجب الادا فیسوں کی وصولی مؤخر کرنا شامل ہے، سیلابی علاقوں میں انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام شروع کیا جائے گا۔

رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حصہ ڈالنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس کے علاوہ خوراک، خیموں، ادویات کی فراہمی اور میڈیکل کیمپس کے قیام کے لیے مختلف تجاویز پر غور بھی کیا گیا۔

یو اے ای سیلاب متاثرین کے لیے 50 ملین ڈالر کی امداد فراہم کررہا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سیلاب متاثرین کے لیے 50ملین ڈالر کی امداد فراہم کررہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر جاری بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برادر ملک متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے 50 ملین ڈالر کی امدادی سامان کی پہلی کھیپ کی فراہمی شروع کردی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ رات یو اے ای کے صدر محمد بن زاید النہیان سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، انہوں نے یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات سیلاب متاثرین کی مدد جاری رکھے گا۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ میں نے صدر شیخ محمد بن زاید کی دعوت پر 3 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنا تھا لیکن ہم نے باہمی طور پر یو اے ای کا دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا، دورہ ملتوی اس لیے کیا تاکہ سیلاب متاثرین کے لیے جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر توجہ دے سکوں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ اپنے بھائیوں اور بہنوں کے مقروض رہیں گے جنہوں نے اس چیلنج میں ہمارا ساتھ دیا۔

سید علی گیلانی کی پہلی برسی، وزیراعظم شہباز شریف کا خراج عقیدت

وزیراعظم شہبازشریف نے آزادی کشمیرکی نشانی سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر انہیں خراج پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کا سید علی گیلانی کے لیے بابائے حریت کا خطاب اُن کی تاریخی جدوجہد کا اعتراف ہے ، مرد آہن سید علی گیلانی کی جدوجہد حریت اور کشمیر کی آزادی کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک فرد نہیں تحریک اورمشن کانام ہے جس کا نعرہ ’کشمیر بنے گا پاکستان ’ ہے، سید علی گیلانی شہید کا جسد خاکی چھین لینے سے کشمیریوں کی آزادی کے لیے تڑپ چھینی نہیں جاسکتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ ‘ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے’ آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے، اہل پاکستان اورکشمیری سید علی گیلانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی سید علی گیلانی سمیت تمام شہدائے کشمیر کے درجات بلند فرمائے۔

پاکستان

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

Pakistan Flood

Madad Karo