Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

سونالی فوگاٹ کا مبینہ قتل، پرسنل اسسٹنٹ نے اعتراف جرم کرلیا

پولیس نے بھارتی اداکارہ کے مبینہ قتل کے الزام میں پرسنل اسسٹنٹ سمیت دو افراد کو گرفتارکیا تھا
شائع 26 اگست 2022 07:37pm

بھارتی اداکارہ سونالی فوگاٹ کے مبینہ قتل کے کیس میں گرفتار پرسنل اسسٹنٹ سدھیر سنگوان نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔

گوا پولیس نے جمعہ کو بی جے پی لیڈر اور ٹک ٹاک اسٹار کے قتل کیس کے سلسلے میں سونالی فوگاٹ کے ذاتی معاون سدھیر سنگوان کو سکھویندر سنگھ کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس اوم ویر سنگھ بشنوئی نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سنگوان نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ گوا پہنچنے کے بعد وہ سکھویندر کے ساتھ سونالی فوگاٹ کو پارٹی کرنے کے بہانے شمالی گوا میں کرلی کے ریسٹورنٹ لے گیا اور سنگوان نے پینے کے پانی میں کوئی ناگوار چیز ملا دی اور سونالی کو اسے پینے پر مجبور کیا۔

انہوں نے کہا کہ پانی پینے کے بعد وہ ریستوران میں بے چین اور بیمار محسوس کرنے لگیں جس کے بعد انہیں سنگوان اور سکھویندر ہوٹل لے گئے جہاں وہ ٹھہرے ہوئے تھے اور پھرسونالی کو اسپتال لے کرگئے جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ سونالی پھوگٹ کے بھائی رنکو ڈھاکہ نے شکایت میں الزام لگایا تھا کہ سونالی کو اس کے ذاتی معاون سدھیر سنگوان نے سکھویندر سنگھ کے ساتھ مل کر اس کی جائیدادوں اور مالی اثاثوں پر قبضہ کرنے اور اس کا سیاسی کیریئر ختم کرنے کے ارادے سے قتل کیا تھا۔

پولیس افسر نے کہا کہ تفتیشی افسر نے متعلقہ احاطے کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ سدھیر زبردستی سونالی کو کچھ پلا رہا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سدھیر سنگوان کو سکھویندر سنگھ دونوں پولیس کی حراست میں ہیں ۔

واضح رہے کہ اداکارہ سونالی فوگاٹ کو 22 اگست کو گوا کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دیا تھا۔

بعدازں سونالی فوگاٹ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد اور زخم کے متعدد نشانات کی تصدیق ہوئی تھی لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی صحیح وجہ کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ان کے بھائی کی درخواست پرمقدمہ درج کرکے سونالی کے پرسنل اسسٹنٹ سدھیر ساگوان اور انکے دوست سکھویندر واسی کوگرفتار کر لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سونالی فوگاٹ کی شہرت ایک متنازع شخصیت کی تھی۔ انہوں نے ٹک ٹاک سے شہرت حاصل کی اور ریئلٹی شو بگ باس کا بھی حصہ رہیں۔

Murder

Crime

Sonali Phogat