Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوجی دستے تعینات، وارننگ جاری

حکومت نے امدادی کارروائیوں کے لیے آفت زدہ اضلاع میں فوج کے دستے تعینات کرنے کی اجازت دے دی ہے
اپ ڈیٹ 27 اگست 2022 12:17pm
جامشورو، سندھ میں بارشوں اور سیلاب کے بعد ایک خاندان اپنے سامان کے ساتھ بارش کے پانی میں بہہ رہا ہے۔ تصویر رائٹرز
جامشورو، سندھ میں بارشوں اور سیلاب کے بعد ایک خاندان اپنے سامان کے ساتھ بارش کے پانی میں بہہ رہا ہے۔ تصویر رائٹرز
پاک فوج کا ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ، تصویر ریڈیو پاکستان/فائل
پاک فوج کا ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ، تصویر ریڈیو پاکستان/فائل

حکومت نے امدادی کارروائیوں کے لیے آفت زدہ اضلاع میں فوج کے دستے تعینات کرنے کی اجازت دے دی جبکہ محکمہ موسمیات نے دریائے سندھ میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔

فوجی دستوں کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت دی گئی ہے، جبکہ وزارت داخلہ کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام صوبائی حکومتوں کی درخواستوں کے مطابق فوجیوں کو تعینات کیا جا رہا ہے۔

مزید کہا گیا کہ فوجی دستوں کی تعیناتی کی تاریخ اورعلاقے کا تعین متعلقہ صوبائی حکومتیں، انتظامیہ اور جنرل ہیڈ کواٹرز(جی ایچ کیو) کی مشاورت سے کریں گی۔

سیلاب متاثرین، پاک فوج کی ہیلپ لائن قائم

سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے پاک فوج نے ریلیف ہیلپ لائن قائم کردی ہے۔

آئی ایس پی آر نے مطابق ملک بھر میں کہیں سے بھی یو اے این نمبر 1135 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے، جو مختلف فارمیشنزامداد فراہم کریں گی۔

محکمہ موسمیات نے سیلاب کی وارننگ جاری کردی

ڈائریکٹرچیف میٹرولوجسٹ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور اکرام الدین نے جاری بیان میں کہا کہ کالاباغ اورچشمہ میں دریائے سندھ میں 5,50,000 کیوسک سے 7,00,000 کیوسک کے درمیان اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔

انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ساتھ ہی جان و مال کے نقصان سے بچنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے کی ہدای بھی کردی۔

امریکا اور متحدہ عرب امارات کا سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے، کراچی میں قونصلیٹ جنرل، (یو اے ای) ریڈ کریسنٹ اور خلیفہ بن زاید ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کی امدادی ٹیمیں ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں میں سیلاب متاثرین کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لیے 24 گھنٹے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ وہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے “انتہائی غمزدہ” ہیں اور اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چارسدہ : سیلابی ریلے میں منڈا ہیڈ ورکس بہہ گیا

خیبر پختونخوا میں سوات اور لوئر دیر کے سیلابی ریلے میں منڈا ہیڈ ورکس بہہ گیا، جبکہ سیلابی ریلے کے داخل ہونے کی باعث نوشہرہ اور چارسدہ میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پناہ گاہ ویلفیئر بورڈ کو ہدایت دی گئی ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

ملک میں ‘نیشنل ایمرجنسی’ کا اعلان

دوسری جانب حکومت نے جمعرات کو ملک میں ‘نیشنل ایمرجنسی’ کا اعلان کیا کیونکہ شدید بارشوں میں اموات کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے، جب کہ وزیراعظم شہباز شریف سکھر میں متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں ان کو بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ سکھر

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہرطرف تباہی ہی تباہی نظرآرہی ہے اور یہ وقت سیاست کا نہیں، خدمت کا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سندھ میں بارش سے متاثرہ ہرگھر کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت 25 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ متاثرین میں 28 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے جو پہلے ہی (بی آئی ایس پی) کے حوالے کیے جا چکے ہیں رقم کی تقسیم شروع کردی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہفتے میں 28 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے، وفاقی حکومت مزید فنڈز دینے کیلئے تیار ہے، جبکہ یہ وقت سیاست کا نہیں، خدمت کا ہے۔

عالمی تنظیموں سمیت ممالک کی جانب سے کتنی امداد دینے کا وعدہ کیا

حکومت کی اپیل پربین الاقوامی تنظیموں اور مالیاتی اداروں نے اب تک سیلاب زدگان کے لیے 500 ملین ڈالرسے زیادہ کی فوری امداد کا وعدہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امدادی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے ‘وزیراعظم ریلیف فنڈ 2022’ قائم کیا ہے۔

ورلڈ بینک سے 350 ملین ڈالر، اقوام متحدہ کی ایجنسی ورلڈ فوڈ پروگرام سے 110 ملین ڈالر،ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 20 ملین ڈالر، برطانیہ کی جانب سے 1.5 ملین پاؤنڈز، متاثرین کی بحالی اور طویل مدتی منصوبوں کیلئے مزید 38 ملین پاؤنڈز دیئے جائیں گے۔

اس کے علاوہ چین کی جانب سے 300,000 ڈالر کی ہنگامی نقدی امداد اور 25,000 خیمے اور دیگرسامان دیا جائے گا۔

بلوچستان

punjab

KPK

Rain

sindh

floods

NDMA

death casualties