Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ممنوعہ فنڈننگ کیس میں پی ٹی آئی کی درخواست پر لارجر بینچ تشکیل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔
شائع 16 اگست 2022 10:30am
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت 18 اگست کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت 18 اگست کو ہوگی۔
یہ ولی خان کیس کے بعد اس نوعیت کا پہلا کیس ہے، جسٹس عامر فاروق

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈننگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دے دیا، کیس کی سماعت 18اگست کو ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامرفاروق نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلےکے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل انور منصور عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

تحریک انصاف کے وکیل انورمنصور نے دلائل دیئے کہ پی ٹی آئی نے جن اکاؤنٹس کی معلومات فراہم کیں وہ فیصلے میں موجود ہی نہیں، الیکشن کمیشن کو بتایا کہ کچھ اکاؤنٹس کی معلومات کچھ وجوہات کی بنا پر ضروری نہیں ہیں، مرکزی اکاؤنٹس سے کچھ رقوم صوبائی سربراہان کو بھیجی گئیں۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنادیا

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ انورمنصور جہاں تک یاد پڑتا ہے یہ ولی خان کیس کے بعد اس نوعیت کا پہلا کیس ہے، اُس کیس میں ریفرنس بھیج دیا گیا تھا لیکن اس کیس میں ابھی ریفرنس نہیں بھیجا گیا۔

انور منصور نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کوپی ٹی آئی کے خلاف کسی بھی کارروائی سے روکا جائے، جس پر جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ اسی لئے لارجر بینچ بنا دیا ہے۔

بعدازاں اسلام آبادہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دیتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیا اور کیس کی سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

تحریک انصاف کی جانب سے 10 اگست کو الیکشن کمیشن کا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔

درخواست میں تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا تھا۔

پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی کارروائی غیرقانونی قراردینے کی استدعا بھی کی تھی۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا شوکازنوٹس بھی کالعدم قراردیا جائے اورالیکشن کمیشن کا2اگست کافیصلہ بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

pti

ECP

Justice Amir Farooq

Islamabad High Court

Prohibited Funding Case