وزیر اعظم اور کابینہ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور:وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عندلیب عباس اور حسان نیازی نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں وفاقی حکومت، وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیسز زیر سماعت ہیں، شہباز شریف اور ان کی کابینہ نے لندن دورے کے دوران اشتہاری ملزمان سے ملاقات کی۔
‘شہباز شریف نے دورہ ترکی کے دوران اشتہاری سلمان شہباز کو سرکاری دورے میں شامل کیا، سلمان شہباز اور ان کی اہلیہ کو سرکاری دورے کرانا قانون کی خلاف ورزی ہے، شہباز شریف اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرکے آئین کی خلاف ورزی کررہے ہیں’۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ شہباز شریف اور ان کی کابینہ کو عہدوں سے ہٹانے اور ملک میں نگراں وزیراعظم تعینات کرنے کا حکم دے۔
سی پیک ملکی ترقی اورعوامی بہبود میں اہم کردارادا کررہا ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ سی پیک ملکی ترقی اورعوامی بہبود میں اہم کردار ادا کررہا ہے، چینی صدر اور چینی قیادت کے ہرمشکل مرحلے میں مدد پر مشکورہیں، چینی تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کو مزید تعطل کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف سے صدر شنگھائی الیکٹرک کے ہمراہ چینی وفد نے ملاقات کی جس میں شاہد خاقان عباسی، خرم دستگیر، مصدق ملک اور معاونینِ خصوصی ظفرالدین محمود نے بھی شرکت کی ۔
شرکاء کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ 1320 میگاواٹ تھرکول پاور پراجیکٹ پرتیزی سے کام جاری ہے، منصوبہ آئندہ سال پہلی سہ ماہی میں مکمل کرلیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چینی تعاون اورسرمایہ کاری کی بدولت پاکستان میں انفراسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ کی ترقی اوربجلی کے بحران پر کافی حد تک قابوپانے میں مدد ملی، حکومت چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے ۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ تھرکول پاورپراجیکٹ عمران نیازی نااہل حکومت میں دانستہ طور پر تعطل کا شکار بنایا گیا، منصوبے کی تکمیل سے 1320 میگاواٹ بجلی کی عوام کو جلد فراہمی ممکن ہوسکے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے معاونِ خصوصی ظفرالدین محمود اورایڈیشنل سیکٹری ندیم چوہدری کونمائندہِ خصوصی کی ذمہ داری سونپ دیں۔
Comments are closed on this story.