Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

گال ٹیسٹ میں پاکستان کی فتح سے بھارت کو کیا فائدہ ہوا؟

گال ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد آئندہ برس ہونے والے ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں قومی ٹیم کے پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں
شائع 21 جولائ 2022 10:22am
پاکستان کی اس فتح کا فائدہ انڈیا کو بھی ہوا ہے (تصویر: ای ایس پی این)
پاکستان کی اس فتح کا فائدہ انڈیا کو بھی ہوا ہے (تصویر: ای ایس پی این)

گال ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ چیمپیئن شپ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر براجمان ہوگئی ہے۔

اس کامیابی کے بعد آئندہ برس ہونے والے ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں قومی ٹیم کے پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

پاکستان کی اس فتح کا فائدہ انڈیا کو بھی ہوا ہے۔

ٹیسٹ میچز میں کامیابی اور ناکامی کے تناسب کی بنیاد پر دی جانے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ چیمپیئن شپ رینکنگ میں بھارتی ٹیم ایک پوزیشن اوپر یعنی چوتھے درجے پر آگئی ہے، جب کہ ویسٹ انڈین ٹیم پانچویں پوزیشن پر ہے۔

پاکستان کے ہاتھوں شکست پانے والی سری لنکن ٹیم نے ناصرف اپنی تیسری پوزیشن کھو دی ہے، بلکہ ناکامیوں کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے چھٹی پوزیشن پر آگئی ہے۔

ٹیسٹ چیمپیئن شپ رینکنگ کے مطابق اس وقت جنوبی افریقہ 71.43 فیصد کے ساتھ پہلے اور آسٹریلیا 70 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی قومی ٹیم کو ٹیسٹ رینکنگ کی درجہ بندی میں مزید بہتر پوزیشن دلا دے گی، تاہم شکست کی صورت میں گرین شرٹس دوبارہ پانچویں پوزیشن پر چلی جائیں گی ۔

فی الحال، نئی ٹیسٹ چیمپیئن شپ رینکنگ میں پاکستان 58.33 فیصد کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔

بدھ کو ختم ہونے والے گال ٹیسٹ کے آخری روز عبداللہ شفیق کے ناقابل شکست 160 رنز کی بدولت پاکستان نے اس میدان میں 342 رنز کا سب سے بڑا ہدف عبور کر کے کامیابی سمیٹی ہے۔

پہلے گال ٹیسٹ کے آخری روز کیا ہوا؟

جولائی، 20 بروز بدھ پاکستان نے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی اور گال میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرکے تاریخ رقم کی۔

پاکستان کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوئی، میچ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے 342 رنزکا ہدف 6 وکٹوں پر حاصل کیا۔

اوپنرعبداللہ شفیق نے دوسری اننگز میں شاندار سنچری اسکور کی جبکہ کپتان بابراعظم نے پہلی اننگز میں سنچری جبکہ دوسری اننگز میں نصف سنچری بنائی۔

گال اسٹیڈیم میں 342 رنز کے ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں عبداللہ شفیق سیسہ پلائی دیوار بن گئے، 160 رنز کی ناقابل شکست کیرئیر بیسٹ اننگز کھیلی، وننگ شاٹ بھی لگایا اور میچ کے ہیرو قرار رہے۔

سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا نے دو پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری اننگز میں سری لنکا بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہا اور 337 بنا کر پاکستان کو 342 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا نے دوسری اننگز کا آغاز 4 رنز کی برتری سے کیا تو صرف 33 رنز پر ہی ان کی پہلی وکٹ گرگئی اور کپتان دمتھ کرونارتنے 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔

دوسری وکٹ سری لنکن کی کسن رجھیتا کی گری جو صرف 7 رنز بناکر محمد نواز کی گھومتی گیند کا شکار ہوئے جبکہ دونوں کھلاڑیوں کو ہی محمد نواز نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز سری لنکا کی 5 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ، یاسر شاہ نے 3 اور حسن علی، نسیم شاہ نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان

ICC

Srilanka

test cricket

Indian Premier League

Galle Test

Test Champion ship