Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

گال ٹیسٹ میں پاکستان کی تاریخی فتح، سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست

پاکستان کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریزمیں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی، قومی ٹیم 342 رنزکا ہدف 6 وکٹوں پرحاصل کیا۔
اپ ڈیٹ 20 جولائ 2022 03:05pm
قومی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا دوسرا بڑا ہدف حاصل کیا۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پی سی بی ٹوئٹر
قومی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا دوسرا بڑا ہدف حاصل کیا۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پی سی بی ٹوئٹر

لاہور: پاکستان نے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، قومی ٹیم نے گال میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔

پاکستان کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریزمیں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی، میچ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے 342 رنزکا ہدف 6 وکٹوں پرحاصل کرلیا، قومی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا دوسرا بڑا ہدف حاصل کیا۔

اوپنرعبداللہ شفیق نے دوسری اننگزمیں شاندار سنچری اسکورکی جبکہ کپتان بابراعظم نے پہلی اننگزمیں سنچری جبکہ دوسری اننگزمیں نصف سنچری بنائی۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 158 اور محمد نواز 19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس کے علاوہ نائب کپتان محمد رضوان 40 کے انفرادی اسکورپر پربھات جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،لنچ سے ٹھیک پہلے سلمان علی آغا بھی 12 رنزبنا کراپنی وکٹ گنوابیٹھے۔

سابق کپتان اظہر علی دوسری اننگز میں بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور صرف 6 بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ اوپنر امام الحق 35 رنز اور کپتان بابر اعظم 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

عبداللہ شفیق نے سری لنکن بولرز کے چودہ طبق روشن کردیئے

قومی اوپنر عبداللہ شفیق نے اپنی بلے بازی سےسری لنکن بولرزکےچودہ طبق روشن کردیئے۔

گال اسٹیڈیم میں 342 رنز کے ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں عبداللہ شفیق سیسہ پلائی دیوار بن گئے، 160 رنز کی ناقابل شکست کیرئیر بیسٹ اننگز کھیلی، وننگ شاٹ بھی لگایا اور میچ کے ہیرو قرار رہے۔

گال ٹیسٹ میں محمد نواز کی کیرئیربیسٹ بولنگ

گال ٹیسٹ میں محمد نواز نے بھی کیرئیربیسٹ بولنگ کا مظاہرہ کیا، دوسری اننگز میں 88رنز دے کر 5 وکٹیں اڑائیں جبکہ بیٹنگ میں بھی ذمہ دارای دکھا کر ٹیم کی فتح میں حصہ ڈالا۔

گال ٹیسٹ میں فتح پر بابراعظم خوشی سے نہال

گال ٹیسٹ میں فتح پر پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم خوشی سے نہال ہوگئے، جیت کا کریڈٹ عبداللہ شفیق کے ساتھ ٹیل اینڈرز کو بھی دے دیا۔

بابراعظم نے کہا کہ عبداللہ شفیق پر پورا بھروسہ تھا،دوسری اننگز میں جس سے طرح ہم نے اسٹارٹ لیا امید تھی کہ میچ جیتیں گے۔

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بابراعظم کی فائٹنگ سنچری

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کپتان بابراعظم نے بھی خوب رنگ جمایا، پہلی اننگز میں فائٹنگ سنچری اسکور کی جبکہ دوسری اننگز میں قیمتی 55رنز داغے۔

اسی دوران پاکستان کی جانب سے بطور کپتان سب سے زیادہ 9 سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا اور ساتھ ہی پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 10ہزار رنز اورکیرئیر کے 41ویں میچ میں 3ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کیا۔

سری لنکا کی دوسری اننگز

سری لنکا دوسری اننگز میں بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہا اور انہوں نے 337 بناکر پاکستان کو 342 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا نے دوسری اننگز کا آغاز 4 رنز کی برتری سے کیا تو صرف 33 رنز پر ہی ان کی پہلی وکٹ گرگئی تھی اور کپتان دمتھ کرونارتنے 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔

دوسری وکٹ سری لنکن کی کسن رجھیتا کی گری جو صرف 7 رنز بناکر محمد نواز کی گھومتی گیند کا شکار ہوئے جبکہ دونوں کھلاڑیوں کو ہی محمد نواز نے آؤٹ کیا۔

تاہم اوپنر اوشادہ فرننڈو اور کسل مینڈس نے ٹیم کو سنبھالا اور وکٹ کو محفوظ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا جبکہ اوشادہ فرننڈو 64 اور کوشل مینڈس 76 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند کا شکار ہوگئے۔

سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل نے سب سے لمبی اننگز کھیلی جو 94 رنز بناکر بھی ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز 5 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ہیں، یاسر شاہ نے 3 اور حسن علی، نسیم شاہ نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی پہلی اننگز

پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 218 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کپتان بابر اعظم نے سنچری کی بدولت 119 رنز اسکور کیے تھے۔

اس کے علاوہ اوپنر عبداللہ شفیق 13، محمد رضوان 19، یاسر شاہ 18 اور حسن علی نے 17 رنز اسکور کیے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہیش تھیکشنا اور رمیش مینڈس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کی پہلی اننگز

سری لنکا اپنی پہلی اننگز میں 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگیا تھا جبکہ میزبان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 76 رنز دنیش چندیمل نے اسکور کیے تھے۔

علاوہ ازیں سری لنکن کھلاڑی مہیش تھیکشنا نے 38، اوپنر اوشادہ فرننڈو نے 35 اور کوشل مینڈس نے 21 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، حسن علی اور یاسر شاہ نے 2،2 جبکہ محمد نواز اور نسیم شاہ نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان

Sri Lanka

Baber Azam

Abdullah Shafique

Dinesh Chandimal

Galle Test

pakistan vs sri lanka