Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

گال ٹیسٹ: پاکستان کو جیت کے لیے11رنز درکار، میچ بارش کے باعث روک دیا گیا

پاکستان نے میچ کے پانچویں اورآخری روز دوسری اننگز 222 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی، سری لنکا کے 342 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان اس وقت 6 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بناکر مستحکم پوزیشن میں ہے ۔
شائع 20 جولائ 2022 01:36pm
عبداللہ شفیق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 150 رنز مکمل کرلیے ہیں۔
عبداللہ شفیق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 150 رنز مکمل کرلیے ہیں۔

گال ٹیسٹ میں پاکستان کو جیت کے لیے مزید 11 رنز درکار ہیں جبکہ میچ بارش کے باعث روک دیا گیا۔

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان گال ٹیسٹ جاری ہے جس کے پانچویں دن کا کھیل آج کھیلا جارہا ہے جبکہ آج میچ کا آخری اور فیصلہ کن دن ہے۔

پاکستان نے میچ کے پانچویں اورآخری روز دوسری اننگز 222 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی، نائب کپتان محمد رضوان 40 کے انفرادی اسکورپر پربھات جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،لنچ سے ٹھیک پہلے سلمان علی آغا بھی 12 رنزبنا کراپنی وکٹ گنوابیٹھے۔

سابق کپتان اظہر علی دوسری اننگز میں بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور صرف 6 بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ اوپنر امام الحق 35 رنز اور کپتان بابر اعظم 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے 342 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان اس وقت 6 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بناکر مستحکم پوزیشن میں ہے ۔

عبداللہ شفیق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 150 رنز مکمل کرلیے ہیں۔

عبداللہ شفیق 154 اور محمد نواز 12 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کو جیت کے لیے محض11 رنز درکار ہیں اور اب بھی قومی ٹیم کے پاس 4 کھلاڑی موجود ہیں تاہم بارش نے پاکستان کی جیت کے راستے میں کانٹے بچھادیے ہیں۔

سری لنکا کی دوسری اننگز

سری لنکا دوسری اننگز میں بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہا اور انہوں نے 337 بناکر پاکستان کو 342 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا نے دوسری اننگز کا آغاز 4 رنز کی برتری سے کیا تو صرف 33 رنز پر ہی ان کی پہلی وکٹ گرگئی تھی اور کپتان دمتھ کرونارتنے 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔

دوسری وکٹ سری لنکن کی کسن رجھیتا کی گری جو صرف 7 رنز بناکر محمد نواز کی گھومتی گیند کا شکار ہوئے جبکہ دونوں کھلاڑیوں کو ہی محمد نواز نے آؤٹ کیا۔

تاہم اوپنر اوشادہ فرننڈو اور کسل مینڈس نے ٹیم کو سنبھالا اور وکٹ کو محفوظ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا جبکہ اوشادہ فرننڈو 64 اور کوشل مینڈس 76 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند کا شکار ہوگئے۔

سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل نے سب سے لمبی اننگز کھیلی جو 94 رنز بناکر بھی ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز 5 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ہیں، یاسر شاہ نے 3 اور حسن علی، نسیم شاہ نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی پہلی اننگز

پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 218 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کپتان بابر اعظم نے سنچری کی بدولت 119 رنز اسکور کیے تھے۔

اس کے علاوہ اوپنر عبداللہ شفیق 13، محمد رضوان 19، یاسر شاہ 18 اور حسن علی نے 17 رنز اسکور کیے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہیش تھیکشنا اور رمیش مینڈس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کی پہلی اننگز

سری لنکا اپنی پہلی اننگز میں 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگیا تھا جبکہ میزبان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 76 رنز دنیش چندیمل نے اسکور کیے تھے۔

علاوہ ازیں سری لنکن کھلاڑی مہیش تھیکشنا نے 38، اوپنر اوشادہ فرننڈو نے 35 اور کوشل مینڈس نے 21 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، حسن علی اور یاسر شاہ نے 2،2 جبکہ محمد نواز اور نسیم شاہ نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان

Rain

Sri Lanka

Galle Test

Pak vs Sri

pakistan vs sri lanka