پنجاب کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا
لاہور: پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے میدان مار لیا، پی ٹی آئی 15 اور مسلم لیگ (ن) 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی، جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار کے نام رہی، 20 حلقوں میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 49.69 فیصد رہا۔
الیکشن کمیشن کو موصول تمام 20 حلقوں کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن میں 15سیٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکی۔ اس کے علاوہ ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔
پی ٹی آئی جھنگ کی 2، لاہور کی 3، ملتان، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، خوشاب، بھکر، شیخوپورہ، فیصل آباد اور لودھراں سے ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئی۔
الیکشن کمیشن کو موصول نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) صرف 4 نشستوں پر کامیاب ہو سکی، جن میں لاہور کا حلقہ پی پی 168، پی پی 273 مظفر گڑھ ، پی پی 237 بہاولنگر اور راولپنڈی کا حلقہ پی پی 7 شامل ہیں۔
پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، مقررہ وقت ختم ہونے سے قبل پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے والے ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جبکہ مقررہ وقت کے بعد آنے والے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کا لاہور میں بڑا معرکہ
پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں لاہور کی کُل چار میں سے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار میاں محمد عثمان اکرم نے حلقہ 158 (لاہور) کا میدان مارتے ہوئے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا احسن شرافت کو شکست دی۔
حلقے کے 151 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق میاں محمد عثمان اکرم 37 ہزار 463 جبکہ رانا احسن اشرف 31 ہزار 906 ووٹ حاصل کرسکے۔
الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکریٹریٹ کو موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری انتخابی نتائج کے مطابق پی پی167 (لاہور) کے تمام پولنگ اسٹیشنز سے پی ٹی آئی کے شبیر گجر 40 ہزار 511 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ ن لیگ کے نذیر چوہان 26 ہزار 473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 170 (لاہور) کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ظہیر عباس کھوکھر نے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد امین ذوالقرنین کو شکست دے دی۔
ظہیر عباس نے 24 ہزار 688 ووٹ جبکہ محمد امین ذوالقرنین نے 17 ہزار 519 ووٹ حاصل کئے۔
دوسری جانب سرکاری نتائج کے مطابق لاہور کی 4 انتخابی نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) صرف ایک نشست پر کامیابی حاصل کرسکی ہے۔
پی پی 168 (لاہور) کی انتخابی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسد علی کھوکھر نے تحریک انصاف کے امیدوار نواز اعوان کو شکست دی، اسد علی کھوکھر 26 ہزار 169 ووٹ جبکہ نواز اعوان 15 ہزار 767 ووٹ حاصل کرسکے۔
پی پی 83 (خوشاب) سے پاکستان تحریک انصاف کے ملک حسن اسلم خان کامیاب ہوئے۔
الیکشن کمیشن کو موصول نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ملک حسن اسلم نے 50 ہزار 749 ووٹ لے کر آزاد امیدوار محمد آصف ملک اور ن لیگ کے امیدوار کو شکست دی۔
آزاد امیدوار محمد آصف ملک 43 ہزار 587 اور ن لیگی امیدوار امیر حیدر سنگھا 35 ہزار 395 ووٹ حاصل کرکے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آئے۔
پی پی 217 (ملتان) کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار مخدوم زین قریشی نے ن لیگ کے امیدوار سلمان نعیم کو شسکت دی۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے مخدوم زین قریشی نے 47 ہزار 252 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی۔
پی پی 288 (ڈیرہ غازی خان) سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار محمد سیف الدین کھوسہ 58 ہزار 166 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پی پی 202 (ساہیوال) سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار میجر (ر) محمد غلام سرور نے مسلم لیگ (ن) کے نعمان لنگڑیاں کو شکست دے دی۔
پی پی 140(شیخوپورہ) سے پی ٹی آئی کے خرم شہزاد ورک 50 ہزار 166 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
لودھراں کے 2 انتخابی حلقوں 228 اور 224 سے بالترتیب آزاد امیدوار پیر رفیع الدین اور پی ٹی آئی کے امیدوار محمد عامر اقبال کامیاب ہوگئے۔
پی پی 224 (لودھراں) کے تمام 158 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے محمد عامر اقبال شاہ 69881 ووٹ لے کر جیتے۔
جھنگ کے 2 انتخابی حلقوں 125 اور 127 سے پاکستان تحریک انصاف کے دونوں امیدواروں نے ن لیگی امیدواروں کو شکست دے دی۔
پی پی127(جھنگ) کے موصولہ نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے مہر نواز 71 ہزار 71648 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
مظفر گڑھ کی دو انتخابی نشستوں 272 اور 273 پر بالترتیب پاکستان تحریک انصاف اور ن لیگ کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق معظم علی خان نے 46 ہزار 69 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے جبکہ پی پی 273 (مظفر گڑھ) سے ن لیگ کے سبطین رضا 59 ہزار 679 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ۔
پی پی97 (فیصل آباد) سے پی ٹی آئی کے علی افضل ساہی 67 ہزار 22 ووٹ لے کر کامیاب امیدوار ٹھہرے۔
اس کے علاوہ پی پی90 (بھکر) کے انتخابی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے عرفان اللہ نیازی نے ن لیگ کے سعید اکبر نوانی کو شکست دی۔
راولپنڈی کے حلقہ پی پی 7 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیداوراراجہ صغیر 68906 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ شبیر اعوان 53 ہزار 333 ووٹ لے کر ہارگئے۔
پی پی237 (بہاولنگر) کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)نے میدان مار لیا، ن لیگی امیدوار فدا حسین نے 66 ہزار 398 ووٹ حاصل کئے جبکہ پی ٹی آئی امیدوار سید آفتاب رضا 31 ہزار 148 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 282 لیہ سے پی ٹی آئی امیدوار قیصر عباس خان 57 ہزار 118 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، لیگی امیدوار محمد طاہر 38 ہزار 758 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پنجاب کی 20 نشستوں میں لاہور کی 4، راولپنڈی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، شیخوپورہ ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر اور لیہ کی ایک ایک، جھنگ کی 2، لودھراں کی 2، مظفر گڑھ کی 2 اور ڈیرہ غازی خان کی ایک نشست شامل ہے۔
الیکشن کمیشن کو تمام 3 ہزار 131 پولنگ اسٹیشن کے نتائج رزلٹ مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) سسٹم کے ذریعے ملے، 20حلقوں میں ووٹنگ ٹرن آوٹ 49.69 فیصد رہا۔
پاکستان تحریک انصاف نے 46.08 فیصد ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہی، مسلم لیگ (ن) 39.05 فیصد ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہی۔
اس کے علاوہ آزاد امیدواروں نے 7.7 فیصد ووٹ حاصل کئے جبکہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے 5 فیصد ووٹ حاصل کئے، 20حلقوں میں ٹوٹل ووٹرز کی تعداد 45 لاکھ 79 ہزار 898 تھی۔
Comments are closed on this story.