Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کو گرفتار کرنے کیلئے تیار ہوں: رانا ثنا اللہ

ایوان صدر میں بیٹھے شخص کو استعفیٰ دینا چاہیئے، عدالتی فیصلے کے بعد عمران خان کی سیاست کا جنازہ نکل گیا ہے
شائع 14 جولائ 2022 05:55pm
الیکشن کمیشن میں نااہلی کا ریفرنس بھیجیں۔ فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز
الیکشن کمیشن میں نااہلی کا ریفرنس بھیجیں۔ فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایوان صدر میں بیٹھے شخص کو استعفیٰ دینا چاہیئے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے آئین کی سربلندی ہوئی اور فیصلے میں سابق حکومت کی آئینی خلاف ورزیوں کو واضح کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے صدر مملکت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایوان صدر میں بیٹھے شخص کو استعفیٰ دینا چاہیئے، عدالتی فیصلے کے بعد عمران خان کی سیاست کا جنازہ نکل گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نااہل ٹولے پاس سیاست کرنےکا کوئی جواز نہیں، آئین توڑنے پر آرٹیکل 6 لاگو ہوتا ہے، استعفے دینے کے باوجود یہ لوگ تمام مراعات لے رہے ہیں، اسپیکر سے درخواست ہے کہ ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں نااہلی کا ریفرنس بھیجیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نےقابل تعریف فیصلہ دیا ہے، عمران خان کو گرفتار کرنے کے لئے تیار ہوں لیکن اس متعلق کابینہ فیصلہ کرے گی، لانگ مارچ کے دوران شیخ رشید کو گرفتار کرنے کا ارادہ تھا اس لئے انہیں بہت ڈھونڈا گیا تھا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کے خلاف از خود نوٹس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے ڈپٹی اسپیکر کا تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کا فیصلہ غیرآئینی قرار دے دیا۔

تفصیلی فیصلہ 86 صفحات پر مشتمل ہے جسے چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطاء بندیال نے تحریر کیا ہے۔

Supreme Court

ECP

imran khan

Rana Sanaullah