Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ماضی کی حکومت کی غلطیاں ہم بھگت رہے ہیں: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ ہمارے دورمیں نہیں ہوا، آئی ایم ایف نے ہمیں تگنی کا ناچ نچادیا، بھرپورکوشش کی کہ قیمتیں نہ بڑھائی جائیں
اپ ڈیٹ 02 جولائ 2022 04:14pm
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے ہیں: اسکرین گریب: آج نیوز یوٹیوب
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے ہیں: اسکرین گریب: آج نیوز یوٹیوب

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 25 مئی کوفسادی ٹولہ اسلام آباد پرحملہ آور ہوا تھا، ایف سی، رینجرز اور پولیس نے فسادی ٹولے کو روکا، سیکیورٹی اہلکاروں نے اسلام آباد اورملک کو بچایا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آنسو گیس کے بارے میں کہا گیا کہ ایکسپائر تھے، اب ضرورت پڑی تو تازہ اور نئے آنسوگیس موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب کوئی اسلام آباد پر حملہ نہیں کرسکے گا، اب کوئی دھونس اور دھمکیاں نہیں دے سکے گا، پولیس کلچرمیں تبدیلی ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نہ ہم نے بینرز اتارے اور نہ ہی لگائے ہیں، کیا پی ٹی آئی نے بینرز لگانے کی اجازت لی تھی؟ اگراجازت لے کربینرز لگائے تھے توہم ذمہ دارہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان گرفتاری سے نہیں ڈرتے تو پشاور جا کرکیوں بیٹھے؟ عمران خان کو اپنے اعمال کا خوف ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پرامن سیاست کرنا چاہیے، شہبازشریف ملکی بہتری کیلئے مشاورت کیلئے تیارہیں۔

اس سے قبل، ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان میں امن شہداء کی وجہ سے ہے، شہداء نے وطن میں امن کی خاطر جانیں قربان کیں۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہداء کو یاد نہ کرنےوالی قومیں زندہ نہیں رہتیں، ہم شہداء اور ان کے لواحقین کویاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزارشہری شہید ہوئے، 12 ہزارسیکیورٹی اہلکاردہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہید ہوئے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ڈیڑھ سوارب کا بھی نقصان ہوا، ملکی حالات کے باعث فوری الیکشن نہیں کروائے، موجودہ صورتحال میں ملک عبوری حکومت کے حوالے نہیں کرسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ ہمارے دورمیں نہیں ہوا، آئی ایم ایف نے ہمیں تگنی کا ناچ نچادیا، بھرپورکوشش کی کہ قیمتیں نہ بڑھائی جائیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان سب کو برا کہتے ہیں، کسی کے ساتھ بیٹھنے کو تیارنہیں، کہتے ہیں کہ فلاں کو نہیں چھوڑوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت کی غلطیاں ہم بھگت رہے ہیں، ملکی بہتری کیلئے سب کومل کر کام کرنا ہوگا۔

PMLN

Interior Minister

اسلام آباد

Rana Sanaullah