لانگ مارچ کیس: پولیس رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع، بدنظمی کے ذمہ دار عمران خان قرار
اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے لانگ مارچ سے متعلق کیس کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی، جس میں عمران خان لانگ مارچ کےدن ڈی چوک پر بدنظمی کے ذمہ دار قرار دے دیئے گئے ہیں۔
عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی کارکنان کےڈی چوک پہنچنے کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد نے7 سوالات کے جوابات سپریم کورٹ میں جمع کروادئیے۔
رپورٹ کےمطابق کارکنان کےڈی چوک پہنچنےکےذمہ دارعمران خان ہیں، عمران خان نے 6:50 پر کارکنان کو ڈی چوک پہنچنے کا کہا، عدالتی حکم کے تحت انتظامیہ نے ریڈ زون جانے والے راستے بند اور پولیس، رینجرز اور ایف سی کو مظاہرین کیخلاف ایکشن سے روکا، جس کے بعد مظاہرین کے گروپ ڈی چوک کی جانب جانا شروع ہو گئے۔
آئی جی کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو پارٹی قیادت کی جانب سے رکاوٹیں ہٹانے اور پولیس کے ساتھ مزاحمت کی ترغیب دی گئی، مظاہرین مسلح تھے ،انہوں نے پولیس اور رینجرز پر پتھراؤ بھی کیا، پولیس پر گاڑیاں بھی چڑھائیں، 23 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ کنٹینرز ہٹانے کیلئے بھاری مشینری کا استعمال کیا اور درختوں کو بھی جلایا،عمران اسماعیل، سیف نیازی، زرتاج گل اور دیگر کی قیادت میں 200 سے زائد مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہوئے، مظاہرین کو ہٹانے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا،عدالت کو بتایا گیا کہ 77 لوگوں کو 19 مختلف مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.