Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
08 Rajab 1446  

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کردیا

پنجاب اسمبلی کی 20 جنرل نشستوں پر منتخب ارکان کو ڈی سیٹ کیا گیا جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر 3 اور 2 اقلیتی نشستوں پر ارکان کو ڈی سیٹ کیا گیا، الیکشن کمیشن
اپ ڈیٹ 23 مئ 2022 03:40pm

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کردیا جبکہ ارکان کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا گیا، الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خواتین کی مخصوص نشستوں اور اقلیتی نشستوں پر منتخب ہونے والے منحرف اراکین کو بھی ڈی سیٹ کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پنجاب اسمبلی کی 20 جنرل نشستوں پر منتخب ارکان کو ڈی سیٹ کیا گیا جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر3 اور 2 اقلیتی نشستوں پر ارکان کو ڈی سیٹ کیا گیا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے چند روز قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی کے ریفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے فیصلہ دیا تھا۔

ڈی سیٹ ہونے والے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی میں راجہ صغیر احمد، ملک غلام رسول سنگھا، سعید اکبرخان، محمد اجمل، عبدالعلیم خان، نذیر چوہان، محمد امین ذوالقرنین، نعمان لنگڑیال، محمد سلمان نعیم، زوار حسین وڑائچ، نذیر احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہراورعائشہ نوازشامل ہیں۔

اس کے علاوہ ساجدہ یوسف، ہارون عمران گِل ،عظمیٰ کاردار، ملک اسد علی، اعجاز مسحن، محمد سبطنق رضا، محسن عطا کھوسہ، میاں خالد محمود، مہرمحمد اسلم اور فیصل حیات بھی ڈی سیٹ ہونے والوں میں شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کوخط لکھا جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز پنجاب میں اکثریت کھوچکے ہیں، حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے طور پر کام سے روکا جائے۔

پی ٹی آئی نے 5 نشستوں کیلئے نام الیکشن کمیشن کو بھجوا دیئے، ان میں بتول جنجوعہ، سائرہ رضا، فوزیہ عباس، حبکوک گل اور سیموئیل یعقوب کو نامزد کردیا گیا۔

ادھر پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی میں نامزد سیکرٹری محمد خان بھٹی اور دیگر افسران کی 8 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی، سیشن کورٹ نے پولیس کو گرفتاری سے بھی روک دیا۔

ECP

اسلام آباد

punjab assembly