Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ نے لوٹوں کا ووٹ رد کرکے پاکستان کی اخلاقیات کو گرنے سے بچایا: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ ہمیشہ آپ کی شکلوں کےساتھ لوٹا لکھا جائے گا، آپ کے بیٹے کی بیوی کہے گی تمہارا باپ لوٹا تھا، ایسے پیسے پر لعنت ہے،، نہ ہم کسی لوٹے کو خریدتے ہیں اور نہ معاف کرتے ہیں۔
شائع 17 مئ 2022 09:09pm
آپ کی شکلوں کےساتھ لوٹا لکھا جائے گا۔  فوٹو — آج نیوز/ اسکرین گریب
آپ کی شکلوں کےساتھ لوٹا لکھا جائے گا۔ فوٹو — آج نیوز/ اسکرین گریب

کوہاٹ: سابق وزییراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کا حکم ملا ہے۔

کوہاٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے لگی ہیں، امپورٹڈ حکومت خوفزدہ ہے، جہاں سے امپورٹ ہوئے ہیں وہاں سے حکم ملا ہے، کہ پیٹرول اور فضل الرحمان کی قیمت بڑھائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کا بہت شوق تھا جس نے کافی دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی، ان نے وزیراعظم بننے کے لئے بڑی محنت کی ہے کیونکہ ان کے پاس جوتے پالش کرنے کا فن ہے، امریکی سفارتخانے کا بھی کوئی بوٹ آجائے تو یہ پالش کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ کل حکومت کی دوحہ میں آئی ایم ایف سے میٹنگ ہے، یہ امریکیوں سےکہیں گے خدا کے واسطے ہماری مدد کرو اگر ڈالر نہ دیئے تو عمران خان دوبارہ آجائے گا اور وہ ان کے گلے میں غلامی کی زنجیریں ڈالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا لوٹوں کے خلاف فیصلہ آیا ہے جو جمہوریت اور اپنے لوگوں سے غداری کرتے ہیں، عدالت نے اخلاقیات کو گرنے سے بچایا ہے، شکر ہے آج سپریم کورٹ نے ان کے ووٹ کو رد کردیا، حمزہ شریف تم نے بھی بڑی دیر سے اچکن سلوائی تھی، اب اس اچکن کو رکھو، پوری امید ہے پنجاب میں مرغی کی قیمتیں نیچے آجائیں گی۔

عمران خان نے کہا کہ امریکیوں نے اپنی جنگ میں شرکت کیلئے ہمیں دھمکی دی، مشرف نے ان کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے جس کی وجہ سے قبائلی علاقوں کے عوام کو سب سے زیادہ نقصان ہوا، ہم نے ملک کو ان چوروں سے بچانا ہے، جنہوں نےہم پر چور مسلط کیے ہمیں انہیں پیغام دینا ہے کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مسلمان ہی نہیں جو کسی اور کے سامنے جھک جائے، غلام ہمیشہ زمین پر رینگتے رہتے ہیں، وہ اقبال کے شاہین نہیں بن سکتے، صرف آزاد انسان ہی اوپر جاتے ہیں، انسان آزاد نہ ہو تو کبھی بڑے کام نہیں کرسکتا، اور میں کوئی تقریر نہیں بلکہ تبلیغ کررہا ہوں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف راہ حق اور دوسری طرف یہ چور ہیں، اللہ نے ہمیں نیوٹرل ہونے کی اجازت ہی نہیں دی، یہ کہتے تھے ہم تجربہ کار ہیں، شہباز شریف صبح 7 بجے اُٹھ جاتا ہے، کدھر گیا ان کا تجربہ؟ میڈیا ہاؤس بھی پیسے بناتے تھے، میڈیا والے اب جائیں اور مہنگائی کا لوگوں سے پوچھیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے ایف آئی اے کو تباہ کردیا ہے، مغرب کے رہنماؤں کو معلوم ہوتا تھا کہ ان کے پیسے کہاں پڑے ہیں، یہ کبھی ایبسولیوٹلی ناٹ نہیں کہہ سکتے، جب وہ اڈے اور ڈرون حملوں کو کہیں گے تو ان میں کبھی نہ کرنے کی جرات نہیں ہوگی۔

سابق وزیراعظم نے منحرفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ لوٹے ہورہے تھے میں نے پیغام دیا تھا کہ آپ کی سوشل میڈیا پر شکلیں آئیں گی، ہمیشہ آپ کی شکلوں کےساتھ لوٹا لکھا جائے گا، آپ کے بیٹے کی بیوی کہے گی تمہارا باپ لوٹا تھا، ایسے پیسے پر لعنت ہے، یہ چھانگا مانگا والا پاکستان نہیں رہا، نہ ہم کسی لوٹے کو خریدتے ہیں اور نہ معاف کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ دن کے وقت ہوتا تو کوہاٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوتا لیکن شہریار آفریدی کا نظام بہت کمزور تھا، افسوس ہے کہ لائٹیں نہ ہونے سے آدھے سے زیادہ جلسہ نظر نہیں آرہا۔

Supreme Court

imran khan

PTI jalsa

PM Shehbaz