Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

حمزہ شہباز کی وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے لاہورہائیکورٹ میں درخواست

حمزہ شہباز نے قانون دان اعظم نذیر تارڑ کی وساطت سے درخواست دائر کی، لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
شائع 08 اپريل 2022 11:54am

لاہور:پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے درخواست دائر کردی گئی، حمزہ شہباز نے قانون دان اعظم نذیر تارڑ کی وساطت سے درخواست دائر کی۔

لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کی جانب سے دائر درخواست میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یکم اپریل سے وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ خالی ہے، سیکرٹری اسمبلی اور انتظامی افسران پرویز الٰہی کے غیر قانونی احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقرر کیلئے بلا جواز تاخیر کی جا رہی ہے، حمزہ شہباز وزیر اعلی پنجاب کا انتخاب نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ فریق ہیں، آرٹیکل 130 کے تحت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی نہیں ہو سکتا تھا،فریقین اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام ہو چکے ہیں ۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ ایک آٸینی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے اسمبلی کو اراکین کیلئے نوگو ایریا بنا کر سیل کر دیا گیا ہے ۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پنجاب اسمبلی کا سیشن کال کرکے فوری وزیراعلیٰ کے انتخابات کروانے اور اسمبلی احاطے کو سیل کرنے کا اقدام غیر قانونی قرار دینے کا حکم صادر کرے۔

LHC

cm punjab

lahore

Opposition leader

punjab assembly

Hamza Shehbaz