شیخ رشید نے 23مارچ کو لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے کی اپیل کردی
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن سے 23مارچ کو لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کا دن افواجِ پاکستان کا عالمی سطح پر منایا جاتا ہے، لانگ مارچ 15 روز پہلے کرلیں یا 7 روز بعد کرلیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سانحہ سیالکوٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں دل دہلا دینے والا واقعہ ہوا ، واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، سازش کے تحت پاکستان کونقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے، سری لنکن ہائی کمشنر کو یقین دلایا ہے کہ مجرمان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے اپوزیشن سے 23مارچ کو اعلان کردہ احتجاجی مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پہلی اپوزیشن ہے جو چار ماہ پہلے قومی دن پر احتجاج کا اعلان کر رہی ہے، اپوزیشن لانگ مارچ کے احتجاج کی تاریخ بدلے ، 23مارچ کی تاریخ پر اعتراض ہے، اس دن فوجی پریڈ ہوتی ہے اور یہ پاک فوج کا عالمی سطح پر منایا جانے والا دن ہے، لانگ مارچ 15 روز پہلے یا 7 روز بعد کرلیں کیوں کہ یومِ پاکستان کی پریڈ کیلئےہمارا سارا جنگی سامان جی ٹی روڈ سے اسلام آباد پہنچتا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھاکہ بیشتر کور ہیڈ کوارٹرز بھی جی ٹی روڈ پر ہیں، اسی لئے 6، 7 روز پہلے اسلام آباد کے بعض راستے بند کردیئے جاتے ہیں، اپوزیشن اپنے طریقے پر غور کرے، پھر اعتراض نہ کرے کہ ہمارے راستے بند کردیئے گئے،میں 3 ماہ بعد اس پر بات کروں گا کہ اس کا کیا حل نکالا جائے لیکن اپوزیشن کو غور و فکر کی دعوت دیتا ہوں کہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے، اپوزیشن نے ساڑھے 3 سال بعد تاریخ دینے کا فیصلہ کیا اور وہ بھی غلط کیا، مولانا اس تاریخ پر ازسرنو غور کریں۔
وزیرداخلہ شیخ رشید نے مزیدکہا کہ مولانا فضل الرحمان جب اسلام آباد آئے تھے وہ وقت اپوزیشن کے احتجاج کا تھا ، اب تو نئے الیکشن کا دور آگیا ہے، مولانافضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں ان کے مقاصد اور ہیں، پہلی جماعتیں ہیں جو 4 ماہ کا وقت دے کر کمپنی کی مشہوری کر رہی ہیں، نگران حکومت نہیں آرہی، عمران خان مدت پوری کریں گے، عمران خان تین چار ماہ میں مہنگائی ختم کریں گے۔
Comments are closed on this story.