Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کوروناویکسین کی قلت:سندھ اور پنجاب میں آج ویکسی نیشن سینٹرز بند

کراچی ،لاہور:سندھ اور پنجاب میں کورونا ویکسین کی قلت کے باعث آج...
شائع 20 جون 2021 12:22pm

کراچی ،لاہور:سندھ اور پنجاب میں کورونا ویکسین کی قلت کے باعث آج ویکسی نیشن سینٹرز بند ہیں۔

حکمت عملی کا فقدان،سنگین ہوا ویکسین کابحران!پورے ملک کی ہے یہی داستان!کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کلئے کووڈ ویکسی نیشن ہی پہلا ہتھیار ہے لیکن ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی کورونا ویکسین کی قلت ہونے سے آج تمام ویکسی نیشن سینٹرز بند کردیئے گئے ۔

کراچی میں قائم 90 میں سے متعدد ویکسی نیشن سینٹرز پر ویکسین ختم ہوگئی،ضلع شرقی میں 26، غربی میں 13،وسطی میں 13،ملیر اور کورنگی میں 8،8 ضلع جنوبی میں 22 ویکسی نیشن سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق وفاق سے پیر کو سائنو ویک کو 15 لاکھ خوراکیں ملیں گی،کین سائنو کی 7 لاکھ اورپاک ویک کی 4 لاکھ ڈوز 23 جون جبکہ رواں ماہ کے آخر تک اسپوتنک ویکسین فراہم کی جائےگی۔

آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت نے تو کورونا وائرس کیلئے ایسے اقدامات اٹھائے تھے کہ رمضان المبارک سے عید تک مارکیٹیں، علاقے محلے میں سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال لازمی تھا ، بعد میں کیسز بڑھنے پر کووڈ ویکسی نیشن بہت لازمی قرار دیا گیا اور اب اس کی قلت ہوگئی اب ہم حکومت کے اس معاملے میں سنجیدہ عمل کو کیا سمجھیں۔

حکومت کے احکامات تھے کہ جو سرکاری ملازم ویکسن نہیں لگوائے گا اسے تنخواہ نہیں ملے گی جبکہ اسکولوں میں بھی اساتذہ کو لازمی ویکسین لگوانے کی ہدایت تھی اس حوالے سے شہری انتظامیہ پر پھٹ پڑے۔

کووڈ ویکسین کے معاملے میں سب سے اہم بات جو عوام کے سوال کر رہے ہیں کہ پہلی ویکسین لگوانے کے بعد اب دوسری لگوانا ہے تو سینٹرز بند ہوگئے ہیں تو کیا دوسری ویکسین نہ لگنے پر پہلی ویکسین بھی بے اثر ہوجائے گی۔

کورونا وائرس واقعی ایک خطرناک وبا ہے جس سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں اور کئی اس سے متاثر ہوکر اسپتالوں میں زیر علاج ہیں،ویکسین ہی اس وبا سے محفوظ رہنے کا واحد حل ہے لیکن پاکستان میں اس کی قلت حکومت کیلئے سوالیہ نشان ہے۔

پنجاب بھرمیں کورونا ویکسین کی قلت برقرار،لاہورکے تمام 250 مراکز مکمل بند

پنجاب بھرمیں کورونا ویکسین کی قلت برقرار ہے،آج لاہورکے تمام 250 مراکز مکمل بند ہیں، فیصل آباد، گوجرانوالہ اورملتان سمیت پنجاب کےدیگر شہروں میں ویکسی نیشن سینٹرز ویکیسن نایاب ہے۔

چھ روزبعد بھی پنجاب بھرمیں ویکسی نیشن کی سپلائی ممکن نہ ہوسکی، محکمہ صحت ویکسین لگوانے پر زور دے رہی ہے مگر ویکسین کی قلت سے شہری خوار ہو رہے ہیں،کہتے ہیں سنٹرز کےچکر لگا کر تھک گئے ویکیسن نہیں ملی۔

فیصل آباد،گوجرانوالہ،ملتان اور پنجاب کے دیگرشہروں میں بھی ویکسین کی عدم دستیابی کے باعث دور دراز سے آئے شہری حکومت کو کوستے ہوئے گھروں لوٹ گئے۔

محکمہ صحت کی جانب سے ایک ہفتے تک چین سے سپلائی ملنے کے بعد ویکسی نیشن کا عمل بحال ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں ویکسین نایاب ہے۔

لاہور میں بیرون ملک جانے والوں کی ویکسی نیشن بھی رک گئی، ایک ہفتے بعد آنے کی ہدایت کردی گئی۔

راولپنڈی، جہلم، فیصل آباد، ملتان سمیت دیگر شہروں میں بھی ویکسین کی قلت ہے،اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صورتحال بھی مختلف نہیں ۔

karachi

lahore

punjab

corona vaccine

sindh

close

Vaccination Center