Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ملک بھرمیں آج سے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں

اسلام آباد،کراچی، لاہور:ملک بھر میں آج سے تعلیمی سرگرمیاں بحال...
شائع 07 جون 2021 12:45pm

اسلام آباد،کراچی، لاہور:ملک بھر میں آج سے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں، کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک، انٹرمیڈیٹ اور جامعات میں تدریس جاری ہیں، چھوٹی کلاسز سے متعلق فیصلہ بعد میں ہوگا۔

کراچی سمیت سندھ بھرمیں تدریسی عمل بحال

کراچی سمیت سندھ بھرمیں تدریسی عمل بحال ہوگیا، اسکولوں اور کالجوں میں حاضری 50 فیصد سے بھی کم رہی۔

سندھ حکومت کے احکامات کے مطابق نویں سے بارہویں جماعت اور جامعات میں ایس او پیز کے ساتھ تدریسی عمل جاری رہےگا تاہم چھوٹی کلاسز سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

اسکولوں میں تمام اساتذہ اور عملے کو دو ہفتوں میں ویکسی نیشن لازمی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں ۔

دوسری جانب پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ تمام صوبوں کی طرح سندھ میں بھی پرائمری اور ایلیمینٹری کی فزیکل کلاسز کے نوٹیفکیشن کو فوری طور پر جاری کیا جائے۔

اسکولوں کی نمائندہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ تمام کلاسز کے امتحانات لازمی طور پر لینے کیلئے پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کا شیڈول جاری کیاجائے ۔

پنجاب کے تمام تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے

پنجاب کے تمام تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں،طلبہ 2ماہ بعد اسکولوں میں پہنچ گئے، لاہور کے اسکولوں میں طلبہ تدریسی عمل شروع ہونے پر کافی خوش ہیں۔

لاہور ہو یا فیصل آباد کورونا کیسز میں کمی پر پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں،50فیصد حاضری کے ساتھ تدریسی عمل جاری ہے۔

پہلے روز طلبہ کی کافی کم تعداد اسکولوں میں پہنچی، پنجاب میں بڑھتے کورونا کیسز کے پیش نظر 29اپریل کو تعلیمی ادارے بند ہوئے تھے، 24مئی کو کورونا کے کم مثبت کیسز والے 16شہروں میں تدریسی عمل بحال ہوا، جس کے بعد آج سے تمام سرکاری و نجی سکول کالجز اور یونیورسٹیز صوبے بھر میں کھل گئے ہیں۔

کورونا کی شدت میں کمی:اسلام آباد میں بھی تعلیمی ادارے کھل گئے

کورونا وائرس کی شدت میں کمی ہونے پر اسلام آباد میں بھی تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، طلبہ، والدین اور اساتذہ سب ہی خوش ہیں ۔

درس گاہیں کھل گئیں،12ویں تک کے طلبہ پہنچ گئے، اساتذہ نے بھی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

کورونا وباء کی شدت میں ایک بار پھر کمی ہونے پر دوبارہ تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں ،کم وبیش دو ماہ بعد طلبہ کی اساتذہ ہی نہیں بلکہ اپنے ہم جماعت دوستوں سے بھی ملاقات ہو گئی۔

طلبہ خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہتے ہیں گھروں میں رہ کر تھک گئے تھے،اسکول سےدوری کا مشکل مرحلہ اختتام پزیر ہوا۔

والدین نے بھی سکھ کا سانس لیا، کہتے ہیں اسکول بندش کے ایام میں ماؤں کی ذمہ داری دگنی ہوگئی تھی۔

والدین نے امتحانات سے متعلق بھی حکومتی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ آئن لائن امتحانات میں نقل کا اندیشہ رہتا ہے، چارمضامین کا فیصلہ بھی بہترین ہے۔

قریب المرگ کورونا وباء کے خاتمے کیلئے سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی ، اساتذہ ،والدین اور طلبہ پر ایس او پیز پر سختی سےعملدرآمد کرنا ہوگا۔

karachi

اسلام آباد

lahore

punjab

schools reopen

sindh